تحریک انصاف کا پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا، شاہ محمود قریشی

سیاست میں انتقام اور گالی گلوچ نہیں ہونی چاہیے، ہماری جماعت نے ہمیشہ اس کی مخالفت کی ہے،وائس چیئرمین پی ٹی آئی

ہفتہ 21 اپریل 2018 20:20

کشمور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 21 اپریل 2018ء)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیاست میں انتقام اور گالی گلوچ نہیں ہونی چاہیے، ہماری جماعت نے ہمیشہ اس کی مخالفت کی ہے، پی ٹی آئی کا پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اگر کسی کو سیاست کرنے کا شوق ہے تو پہلے حوصلہ پیدا کرے، سیاست میں کسی کو دھمکی دینے کا سخت مخالف ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سینیٹ انتخابات سے متعلق کہاکہ سینیٹ انتخابات میں مظلوم اور محکوم صوبے کا ساتھ دیا، مخالفین کو تنقید کے بجائے اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے، سینیٹ چیئرمین کا منتخب ہونا بلوچستان کے لوگوں کا فیصلہ تھا، وہاں کے عوام کی خواہش تھی کہ چیئرمین سینیٹ بلوچستان کا ہو۔شاہ محمود قریشینے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق کہاکہ بیگم کلثوم نواز ایک نفیس خاتون ہیں، اللہ پاک انہیں جلد صحت یاب کرے، جبکہ دوسری جانب نواز شریف نے عدالت سے وعدہ کیا ہے کہ کچھ دنوں میں وہ واپس آجائیں گے۔