آئندہ انتخابات کی تیاریاں، پنجاب میں تحریک انصاف کی جانب سے سیاسی مہم چلائے جانے کیلئے آرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاویر کا سہارا لیا جانے لگا

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 21 اپریل 2018ء) آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں پنجاب میں تحریک انصاف کی جانب سے سیاسی مہم چلائے جانے کیلئے آرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاویر کا سہارا لیا جانے لگا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد ناصر چیمہ کی ایک تصویر گردش کر رہی ہے جس کے خوب چرچے ہوئے۔

یہ تصویر ایک نئی بحث کے آغاز کا باعث بھی بن گئی۔ تصویر انتخابی مہم کے مقصد سے بنائے گئے ایک بینر کی ہے۔

(جاری ہے)

اس بینر پر جہاں چوہدری محمد ناصر چیمہ کی تصویر آویزاں ہے، وہیں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی تصاویر بھی آویزاں ہیں۔ بینر پر تحریک انصاف کے دیگر رہنماوں کی تصاویر بھی آویزاں ہیں۔ تاہم اب یہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا بینر حقیقی ہے یا نہیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر سیاسی سمجھ بوجھ رکھنے والے افراد کی جانب سے اس بینر پر شدید اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کا موقف ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو آرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاویر سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیئے۔