سپریم کورٹ کا پیدائشی طور پر کیسٹرول کی بیماری میں مبتلا بچوں کے علاج کیلئے مشین نہ ہونے پر اظہار برہمی

10روز میں علاج کیلئے پاکستان میں مشین منگوانے کا حکم ،اگر حکومت کے پاس رقم نہیں تو عدالت مخیر حضرات سے شام تک پیسے اکٹھے کر کے مشین منگوا لیتی ہے‘ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار حکومتی پیسے سے مشین منگوا کر اسے چلانے کیلئے درکار تمام سہولیات فراہم کر دی جائیں گی‘ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی یقین دہانی

اتوار 22 اپریل 2018 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 22 اپریل 2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پیدائشی طور پر کیسٹرول کی بیماری میں مبتلا بچوں کے علاج کے لئے مشین نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 10روز میں علاج کیلئے پاکستان میں مشین منگوانے کا حکم دیدیا ۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی کی دو رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیدائشی طور پر کیسٹرول کی بیماری میں مبتلا بچوں کے علاج نہ ہونے پر ازخو نوٹس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مرض کا علاج نہیں تو مریض کو مرنے کیلئے نہیں چھوڑا جا سکتا، بتایا جائے پاکستان کے کسی ہسپتال میں یہ مشین کیوں نہیں آئی ،کیا انتظامیہ کا کام نہیں کہ علاج کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

اگر حکومت کے پاس رقم نہیں تو عدالت مخیر حضرات سے شام تک پیسے اکٹھے کر کے مشین منگوا لیتی ہے۔ جس پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یقین دہانی کروائی کہ حکومتی پیسے سے مشین بھی منگوا لی جائے گی اور اسے چلانے کیلئے درکار تمام سہولیات بھی فراہم کر دی جائیں گی۔

دوران سماعت پروفیسر ایاز نے بتایا کہ دنیا میں اس بیماری کا علاج نہیں میڈیکل بورڈ نے جو ادویات تجویز کیں انہیں لینے کوئی نہیں آیا، بچوں کو علاج کیلئے سروسز ہسپتال بھجوایا جائے، انکی اشک شوئی کی جائے گی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اشک شوئی نہیں کرنی، علاج کرنا ہے۔بچوں کے والد نے کہا کہ مجھے اور میرے بچوں کو مختلف ہسپتالوں میں دھکے ملے، علاج کیلئے ایسی مشینی ہی موجود نہیں۔

جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ہم نے بچوں کے علاج کیلئے تمام بندوبست کر دیا ہے، اب دوائی بھی ملے گی مشین بھی منگوا لی جائے گی۔بیمار بچوں کے والد نے کہا کہ جب تک مشینی نہیں آتی علاج کیلئے کوئی اور بندوبست کر دیا جائے۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ تم بچوں کو استعمال کر کے باہر جانا چاہتے ہو، عدالت ایسا نہیں ہونے دے گی، بچوں کا علاج پاکستان میں ہی ہو گا، اگر تم نے بچوں کے علاج میں کوتاہی کی تو عدالت ایکشن لے گی۔عدالت نے فوری طور پر مشین پاکستان منگوانے کا حکم دے دیا۔