مغربی ذرائع ابلاغ یمن بارے غلط معلومات نشر کر رہا ہے،عادل الجبیر

غلط نشریات سے حوثی باغیوں کو اپنے جرائم کو چھپانے کا موقع مل رہا ہے، سعودی وزیر خارجہ

منگل 24 اپریل 2018 19:23

لندن/ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 24 اپریل 2018ء)سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ مغربی ذرائع ابلاغ یمن کے حوالے سے غلط معلومات نشر کر رہا ہے، غلط نشریات سے حوثی باغیوں کو اپنے جرائم کو چھپانے کا موقع مل رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ بعض مغربی ذرائع ابلاغ اپنی رپورٹس میں یمن کی صورت حال کے حوالے سے غلط معلومات پر انحصار کرتے ہیں جس کے نتیجے میں حوثی باغیوں کو اپنے جرائم کو چھپانے کا موقع مل رہا ہے۔

لندن میں ایک تقریب سے خطاب میں سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ مغربی ذرائع ابلاغ میں جعلی خبر شائع کی گئی کہ یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب فوجی اتحاد عالمی سطح پر ممنوعہ کلسٹر بموں کا استعمال کررہا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا کے اس دعوے میں کوئی صداقت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پر الزام لگایا گیا کہ یمن کی جنگ میں برطانوی ساختہ ’BL/755 طرز کے کلسٹر بم استعمال کیے۔

میں یہ استفسار کرتاہوں کہ ہمارے پاس ایسا اسلحہ ہے ہی نہیں تو ہم نے اسے کیسے استعمال کیا۔عادل الجبیر نے کہا کہ ہم نے سنہ 1985 سے 2005 تک کلسٹر بم خرید کیے تھے مگر وہ اب پرانے ہوچکے ہیں، زاید المیعاد ہونے کے باعث اب وہ ناکارہ ہیں۔ اس کیعلاوہ سعودی عرب کلسٹر بموں اور بارودی سرنگوں کو جنگی مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے کے معاہدے کا حصہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے خریدے گئے جو جنگی طیارے کلسٹر بموں کے استعمال کی صلاحیت رکھتے تھے انہیں جدید اسلحے کے استعمال کے قابل بنانے کے لیے ان کا طریقہ کار تبدیل کردیا گیا ہے۔ اگر ہمارے پاس کلسٹر بموں کا ذخیرہ موجود بھی ہے توہم اسے استعمال نہیں کرسکتے کیونکہ موجودہ جنگی طیاروں میں ان کے استعمال کا نظام موجود نہیں۔