اہلیہ کی تدفین کے اگلے ہی روز بش سینئر ہسپتال منتقل

بش سینئر کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ،ْحالت بتدریج بہتر ہورہی ہے ،ْمیڈیا رپورٹ

منگل 24 اپریل 2018 22:46

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 24 اپریل 2018ء)امریکا کے سابق صدر، 93 سالہ جارج ڈبلیو بش کو ان کی اہلیہ باربرا بش کی تدفین کے محض ایک روز بعد بیمار ہونے کے باعث ہیوسٹن کے ہسپتال میں داخل کرلیا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق بش سینئر کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ۔خاندانی ذرائع کے مطابق بش سینئر کو خون میں انفیکشن پھیل جانے کے سبب ہسپتال لے جایا گیا تاہم اب ان کی حالت بتدریج بہتر ہورہی ہے۔

واضح رہے 1989 سے 1993 تک امریکی صدر رہنے والے بش سینئر گزشتہ کئی برس سے مسلسل صحت کے مسائل کا شکار ہو کر ہسپتال میں داخل ہوچکے ہیں اور ایک مرتبہ انہوں نے کرسمس بھی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ہسپتال میں ہی منائی تھی۔جارج بش ڈبلیو بش یا بش سینئر 1988 سے 1992 تک امریکا کے صدر کے منصب پر فائز رہے جبکہ اس سے قبل وہ اقوام متحدہ کے سفیر، امریکی سفیر برائے چین اور سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی ای) کے ڈائریکٹر بھی مقرر رہے۔

(جاری ہے)

8 سال تک رونالڈ ریگن کی صدارت میں نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے والے جارج بش سینئر 1988 میں امریکا کے 41 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔ان کے چار سالہ دور اقتدار میں امریکی خارجہ پالیسی پر بہت توجہ دی گئی، یہ وہ دور تھا جب مشرقی یورپ میں کمیونزم کا خاتمہ ہورہا تھا، جبکہ سوویت یونین بھی اسی دور میں ٹوٹا۔سینئر بش نے 1990 میں ہونے والی پہلی عراق جنگ میں ’صدام حسین‘ کے کویت پر کیے گئے قبضے کو ختم کرانے کیلئے بین الاقوامی برادی کا اتحاد کرانے میں بہت اہم کردار ادا کیا۔

1992 میں ہونے والے الیکشن میں وہ دوبارہ صدر بننے کے خواہاں تھے تاہم 90 فیصد مقبولیت رکھنے کے باوجود انہیں بل کلنٹن کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی، انتخابات میں انہیں امریکا کے داخلی معاملات نظر انداز کرنے کا قصور وار ٹھہرایا گیا۔دوسری جنگ عظیم کے دوران بش سینئر نیول پائلٹ بھی رہے تھے، عہدہ صدارت سے ہٹنے کے بعد بھی وہ اکثر اسکائی ڈائیونگ کرتے تھے جبکہ انہوں نے اپنی 90ویں سالگرہ بھی ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگاکر منائی تھی۔