وفاقی شرعی عدالت نے سودی نظام کے خلاف دائر درخواستوں کے حوالے سے کیس کی سماعت 14 مئی تک ملتوی کردی

پیر 23 اپریل 2018 23:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 23 اپریل 2018ء) وفاقی شرعی عدالت نے سودی نظام کے خلاف دائر درخواستوں کے حوالے سے کیس کی سماعت 14 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ا س معاملے پرطویل عرصہ کے بعد بینچ تشکیل دیدیا گیا ہے اب اس کیس کو مزید التوامیں نہیں ڈالا جائے گا بلکہ اس کو جلد نمٹایا جائے گا۔

(جاری ہے)

پیرکو چیف جسٹس شریعت کورٹ شیخ نجم الحسن کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر جماعت اسلامی کے وکیل قیصر امام ایڈووکیٹ، پروفیسر محمدابراہیم ،جمعیت اتحاد العلما ء پاکستان کے صدر سابق ممبر قومی اسمبلی مولاناعبدالمالک ، مولانا قطب اور ڈاکٹرحبیب الرحمن اورعدالتی اوردیگرعدالت میںپیش ہوئے عدالت کو معاون انور منصورخان کے جونیئر وکیل نے پیش ہوکر بتایاکہ انور منصورخان علیل ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکے تاہم وہ آئندہ سماعت پر پیش ہوجائیں گے، جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ یہ کیس سپریم کورٹ سے ریمانڈ ہو کر یہاں آیا ہے ، پہلے اس کی کافی سماعتیں ہوئی تھیں لیکن بینچ ٹوٹ جانے کی وجہ سے سماعت نہ ہوسکی اب بینچ کی تشکیل مکمل ہوئی ہے تاہم چونکہ بعض فریقین اور وکلاء کو نوٹس موصول نہیں ہوسکے اس لئے آئندہ سماعت پر سپریم کورٹ کی طرف سے کیس ریمانڈکرکے بھجوانے والے حکم کاجائزہ لینے کے بعد عدالتی دائرہ اختیار کے معاملے کو دیکھا جائے گا،اس موقع پر ایک وکیل اقبال ہاشمی نے عدالتی دائرہ اختیار بارے اپنی معروضات عدالت میں جمع کرائیں، توعدالت نے قراردیا کہ تمام فریقین کے وکلا کو نوٹسسز کی تعمیل یقینی بنائی جائے گی اب ہم کیس کو سن کر نمٹانا چاہتے ہیں،آئندہ سماعت سے تمام معاملات کو ترتیب سے چلائیں گے۔

بعدازاں سماعت ملتوی کردی گئی،