سب ہمیشہ سچ کا ساتھ دیں، عدلیہ اور چیف جسٹس کو گالیاں دلوانے والے بھی نہیں بچ سکیں گے، چوہدری شجاعت حسین

سب یتیم بچے ہمارے ہیں پاکستانیوں کی فلاح و بہبود میں دلچسپی لینے پر تقریب میں موجود ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ اور آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ اور ترک وفد کا دلی خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، صدر پاکستان مسلم لیگ (ق)

بدھ 25 اپریل 2018 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 اپریل 2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سب ہمیشہ سچ کا ساتھ دیں، عدلیہ اور چیف جسٹس کو گالیاں دلوانے والے بھی نہیں بچ سکیں گے، سب یتیم بچے ہمارے ہیں پاکستانیوں کی فلاح و بہبود میں دلچسپی لینے پر تقریب میں موجود ترکی کے سفیر احسان مصطفیٰ اور آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ اور ترک وفد کا دلی خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وہ خبیب فائونڈیشن کے زیراہتمام کنونشن سنٹر میں یتیم بچوں کے عالمی دن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں تین ہزار بچے شریک تھے۔ انہوں نے چیئرمین خبیب فائونڈیشن ندیم احمد خان کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کے بارے میں سب سے پہلے یہ کہنا چاہوں گا کہ ان بچوں کے ساتھ فادر ڈے بھی منانا چاہئے اور یہ سب یتیم بچے نہیں ہیں، یہ ہمارے بچے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی کتاب کے حوالے سے کہا کہ اس میں جو کچھ ہے وہ سچ ہے، تین ہفتے ہو گئے ہیں میری کتاب کو آئے ہوئے لیکن کوئی ایک شخص بھی ایسا نہیں جس نے میری کسی بات کو غلط کہا ہو۔ چودھری شجاعت حسین بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ میں پاکستانیت ہونی چاہئے، سچ بولیں اور سب سے زیادہ اخلاقیات پر توجہ دیں نہ کہ لیڈروں کی پیروی کریں جو موجودہ دور میں جمہوریت اور اخلاقیات کی بات تو کرتے ہیں لیکن میں ابھی ان کی ویڈیو دیکھ کر آیا ہوں، وزیراعظم نوازشریف کے نعرے مارتے ہوئے اور چوک میں کھڑے ہو کر انہوں نے چیف جسٹس اور ججوں کے خلاف ایسی گندی زبان استعمال کی یہ نہ سنی اور سنی سنائی جا سکتی ہے، پہلے تو سپریم کورٹ اور عدلیہ کے خلاف بات کرتے تھے لیکن اب تو انہوں نے چیف جسٹس کا نام لے کر ماں، بہنوں اور بیٹیوں کو گالیاں دیں اور چیلنج کیا کہ جس میں ہمت ہے ہمیں پکڑ لے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ شریف برادران کی مرضی سے ہوا تو انہیں اتنا چھوٹا پن نہیں دکھانا چاہئے کہ وہ مخالفت میں بھول جائیں کہ سب کی مائیں اور بیٹیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ کام کر رہے ہیں انہیں تو سزا ملے گی لیکن جو یہ کروا رہے ہیں وہ بھی نہیں بچ سکیں گے، سیاست کو سیاست تک محدود رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لال مسجد کی دو بچیوں کا ذکر آتا ہے کہ وہ میرے زیر کفالت ہیں میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہاں بیٹھی سب بچیاں میری بچیاں ہیں۔

انہوں نے خبیب فائونڈیشن کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کے مراکز کا دورہ کرتا رہتا ہوں، یہ یتیم بچوں کی گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ زلزلہ اور دیگر آفات میں بھی متاثرین کی بہت امداد کی۔ انہوں نے تقریب کے شرکا سے بھی ان بچوں کا خیال رکھنے پر اظہار تشکر کیا۔ ندیم احمد خان چیئرمین خبیب فائونڈیشن نے کہا کہ اور بھی سیاستدان ہیں لیکن ہم نے چودھری شجاعت حسین کو اس لیے مہمان خصوصی بنایا کہ ان کو ہم نے جب بھی آواز دی وہ ہماری مدد کو آئے، کوئی بھی مشکل ہو وہ ہمارے کام آتے ہیں، وہ پاکستان کا درد اور پاکستانیت کا ذہن رکھنے والی شخصیت ہیں، ہم سب دل کی گہرائیوں سے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

چودھری شجاعت حسین نے آخر میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں شیلڈز تقسیم کیں جبکہ انہیں بھی خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔طارق