لاڑکانہ، 2 روز قبل لاپتہ ہونے والی 9 سالہ بچی صائمہ جروار کی تشدد شدہ لاش گندے پانی کے تالاب سے برآمد

منگل کو میری بیٹی صائمہ گھر سے چیز لینے دکان پر گئی ،دیر تک واپس نہ آنے پ بچی کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی، والد

بدھ 25 اپریل 2018 23:14

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 اپریل 2018ء) لاڑکانہ شہر کے حیدری تھانہ کی حدود ایوب کالونی سے منگل کے روز پراسرار طور پر پر لاپتہ ہونے والی 9 سالہ بچی صائمہ جروار کی تشدد شدہ لاش گذشتہ روز گندے پانی کے تالاب سے برآمد ہوئی۔ واقع کی اطلاع پر ایس ایس پی لاڑکانہ تنویر حسین تنیو ایس ایچ او اسلم پرویز ابڑو اور دیگر نے جائے وقوعہ پہنچ پر تفصیلات معلومات کیں اور بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا اسپتال منتقل کیا۔

اس موقع پر بچی کے والد نسیم جروار نے صحافیوں کو بتایا کہ منگل کے روز میری بیٹی صائمہ گھر سے 10 روپے لے کر چیز لینے دکان پر گئی لیکن دیر تک واپس نہ آنے اور پتہ نہ چلا تو بچی کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی لیکن پولیس کی روایتی سستی کی وجہ سے صبح کے وقت اس کی نعش گندے تالاب سے ملی جبکہ ورثا نے ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی بھی شکایت کی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد ہی واقعے کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔

دوسری جانب 9 سالہ بچی صائمہ جروار کی پوسٹ مارٹم جاری کردی گئی جس میں صائمہ کو گلا دبا کر مارنے اور جنسی زیادتی کی کوشش کی تصدیق کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال اور صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور ایس ایس پی لاڑکانہ کو ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ورثا کو انصاف فراہم کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :