نیب نے فواد حسن فواد کو (کل) اور شہباز شریف کے داماد علی عمران کو 3 مئی کو دوبارہ طلب کرلیا

فواد حسن فواد پر وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری ٹو ایمپلی منٹیشن کے طور پرآشیانہ ہائوسنگ سکیم کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کودینے کا الزام ہے‘ذرائع

جمعرات 26 اپریل 2018 23:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 26 اپریل 2018ء)قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو کل ( جمعہ ) ذاتی حیثیت اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران کو 3 مئی کو دوبارہ طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق فواد حسن فواد پر وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری ٹو ایمپلی منٹیشن کے طور پرآشیانہ ہائوسنگ سکیم کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کودینے کا الزام ہے جس پر پہلے بھی نیب میں پیش ہو چکے ہیں اور انہیں نیب کی تفتیشی ٹیم کی جانب سے سوالنامہ دیا گیا تھا تاہم اس سوالنامے کے جواب جمع نہ کرانے پر فواد حسن فواد کو آج ( جمعہ ) کو دوبارہ نیب لاہور کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے داماد علی عمران کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں طلب کیا تھا جس پر وہ منگل کے روز نیب کے دفتر میں پیش ہوئے تھے جس میں ان سے نیب حکام نے سوالات کیے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے شہبازشریف کے داماد کو ایک بار پھر 3 مئی کو طلب کرلیا ہے اور انہیں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں ہی طلب کیا گیا ہے۔