اسرائیل کی اسلامی ملک میں روسی فضائی دفاعی نظام تباہ کرنے کی دھمکی

شام کو ایران کی کالونی نہیں بننے دیا جائے گا،اسرائیلی وزیردفاع آوی گیڈور لائبرمین کی گفتگو

بدھ 25 اپریل 2018 11:56

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 اپریل 2018ء)اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے دھمکی دی ہے کہ شام میں موجود روس کا فضائی دفاعی نظام ایس 300 اسرائیل کے خلاف استعمال ہوا تو اسے تباہ کر دیا جائے گا۔اسرائیلی ٹی وی سے بات چیت میں اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اہم بات یہ ہے کہ روس نے جو دفاعی نظام شام میں اسد رجیم کو دے رکھے ہیں انہیں ہمارے خلاف استعمال نہ کیا جائے۔

اگر وہ ہتھیار ہمارے خلاف استعمال ہوئے تو ہم حرکت میں آئیں گے۔لائبرمین نے کہا کہ ہم شام میں اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے مگر شام کو ایران کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔ شام میں بھیجے گئے اسلحے کو ہمارے خلاف استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر ہمارے خلاف استعمال کیا گیا تو ہم اس کا جواب دیں گے۔

(جاری ہے)

ہم نہیں دیکھیں گے کہ وہ ایس 300ہے یاایس 700یا کوئی اور چیز ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ شام میں موجود روسی دفاعی نظام اسرائیل کے خلاف استعمال نہیں ہو گا کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی سال سے کامیاب تعاون جاری ہے۔ شام میں دونوں ملکوں کے درمیان کوئی پریشان کن صورت حال پیدا نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں جو دفاعی نظام ہمارے خلاف استعمال ہو گا اور ہمیں پتا چلے گا کہ شامی رجیم یا اس کے کسی معاون کے ہتھیار ہمارے خلاف استعمال ہوئے ہیں تو ہم انہیں تباہ کر دیں گے۔