سعودی عرب ، پانچ ریال میں پریشر ککر کا اشتہار دیکھ کر عوام بے قابو

دکان کے افتتاح پر سیل لگنے سے سڑ بلاک،بھگدڑ سے تین خواتین بے ہوش،پولیس کو طلب کر لیا گیا

بدھ 25 اپریل 2018 12:37

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 اپریل 2018ء)سعودی عر ب کے شہر الباحہ میں 5 ریال میں پریشر ککر کا اشتہار دیکھ کر عوام کا سمندر امڈ آیا۔ نئی کھلنے والی دکان پر لوگوں کے بے تحاشہ ہجوم کے سبب پولیس کو حرکت میں آنا پڑا۔عرب ٹی وی کے مطابق الباحہ ریجن میں برتنوں کی نئی کھلنے والی دکان کا اشتہار اسنیپ چیٹ پر دیکھ کر لوگوں کی بڑی تعداد افتتاح والے دن دکان پر پہنچی جس کے سبب سڑک پر ٹریفک کی روانی شدید متاثرہوئی اور شاہراہ بلاک ہو گئی ۔

ٹریفک اژدھام کی اطلاع ملنے پر محکمہ ٹریفک کی مدد طلب کرنا پڑی ۔ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد شاہراہ کو کھلوایا اور لوگوں کو منتشر کیا۔ شہری دفاع کو کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے طلب کیا گیا جس نے لوگوں کو ہٹانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

دکان کے باہر بھگدڑ سے تین خواتین بے ہوش ہو گئیں جنہیں ہلال الاحمر کے اہلکاروں نے موقع پر طبی امداد فراہم کی ۔

برتنوں کی نئی دکان کے مالکان نے افتتاح کے حوالے سے اسنیپ چیٹ پر اشتہار جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ افتتاح کے موقع پر پریشر ککر صرف 5 ریال میں حاصل کریں ،اشتہار دیکھ کر الباحہ شہرہی سے نہیں بلکہ قرب و جوار سے بھی بڑی تعداد میں لوگ وہاں پہنچ گئے جس کی وجہ سے شاہراہ عام مکمل طور ر بند ہو گئی ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ دکان مالکان کو اشتہار دیتے ہوئے اس بات کا بندوبست کرنا چاہئے کہ رش ہونے کی صورت میں کس طرح کنٹرول کیا جاسکتا ہے ۔دکاندار نے اشتہار تو جاری کر دیا مگر کسی قسم کی کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی جس کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔