نیب بدعنوانی کے خاتمے سے متعلق قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لایا ہے، جسٹس (ر) جاوید اقبال

تمام انکوائریوں ،انویسٹی گیشنز پر میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق عمل، کرپشن کی شکایات کو نیب قوانین کے مطابق نمٹایا جارہا ہے، چیئرمین نیب کی کھلی کچہری میں عوامی شکایات کی سماعت کے دوران گفتگو

جمعرات 26 اپریل 2018 21:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 26 اپریل 2018ء) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے سے متعلق قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لایا ہے، تمام انکوائریوں ،انویسٹی گیشنز پر میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق عمل ،کرپشن سے متعلق شکایت کنندگان کی شکایات کو قوانین کے مطابق نمٹایا جارہا ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے یہ بات نیب ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری میں عوامی شکایات کی سماعت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔چیئرمین نیب نے لوگوں کی انفرادی شکایات تحمل سے سنیں اور ان کی شکایات قانون کے مطابق نمٹانے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ واضح رہے کہ انہوں نے نیب افسران سے اپنے پہلے خطاب کے دوران ہر مہینے کی آخری جمعرات کو دو سے چار بجے تک نیب ہیڈ کوارٹرز میں بدعنوانی سے متعلق عوامی شکایات ذاتی حیثیت میں سننے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین اپنے وعدے کے مطابق ملک بھر سے آنے والے شکایات کنندگان کی شکایات سن رہے ہیں اور ان کے مسائل کے قانون کے مطابق حل کے لئے احکامات جاری کر رہے ہیں۔ چیئرمین نیب نہ صرف خود بدعنوانی کے خلاف عوامی شکایات سن رہے ہیں بلکہ انہوں نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر مہینے کی آخری جمعرات کو دو سے چار بجے کے درمیان اپنے متعلقہ بیوروز میں بدعنوانی سے متعلق عوامی شکایات سنیں، چیئرمین نیب کی ہدایات کے مطابق تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹرز جنرلز نہ صرف عوامی شکایات سن رہے ہیں بلکہ ان شکایات کو قانون کے مطابق نمٹانے کے لئے موقع پر احکامات جاری کر رہے ہیں۔

چیئرمین نیب نے سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک تقریباً 84 ارب ڈالر کا مقروض ہے مگر اس قرض کے پیسے کا مصرف کہیں نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، قومی احتساب بیورو نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 296 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جو کہ اہم کامیابی ہے، یہ کامیابی نیب افسران کی محنت اور مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہے جو بدعنوانی کو اپنا قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے سے متعلق قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لایا ہے، تمام انکوائریوں ،انویسٹی گیشنز پر میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق عمل ،کرپشن سے متعلق شکایت کنندگان کی شکایات کو قوانین کے مطابق نمٹایا جارہا ہے۔شکایت کنندگان نے جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں نیب کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ کا بذات خود شکایات سننا خوش آئند ہے اور ’احتساب سب کیلئے‘ کی پالیسی ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ میں اہم سنگ میل ثابت ہو رہی ہے۔

چیئرمین نیب نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ وہ شکایات کنندگان کی عزت نفس اور تمام شکایات کے ازالے کو یقینی بنایا جائے۔