آٹا، گھی، چینی اور دیگر کئی اشیاء اب ملیں گی بہت ہی سستی

ای سی سی نے 19اشیائے ضروریہ کیلئے رمضان ریلیف پیکیج2018کی منظوری دیدی، سبسڈی میں آٹا، چینی، خوردنی تیل و گھی، دالوں، بیسن، کھجوروں، چاول، سکواشز، دودھ اور چائے شامل، حکومت پیکیج کے تحت ایک ارب 73 کروڑ 30 لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی،اجلا س میں 50 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے اور 2017-18کیلئے تمباکو پر ٹیکس کی نئی شرح منظور

جمعرات 26 اپریل 2018 23:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 26 اپریل 2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی طرف سے فراہم کردہ 19 اشیائے ضروریہ کے لئے رمضان ریلیف پیکیج 2018کی منظوری دے دی ،سبسڈی والی اشیا میں آٹا، چینی، خوردنی تیل و گھی، دالوں، بیسن، کھجوروں، چاول، سکواشز، دودھ اور چائے شامل، حکومت پیکیج کے تحت ایک ارب 73 کروڑ 30 لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی،اجلا س میں 50 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے اور 2017-18کیلئے تمباکو پر ٹیکس کی نئی شرح کی منظوری دیدی گئی۔

جمعرات کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت جن اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے گی ان میں آٹا، چینی، خوردنی تیل و گھی، دالوں، بیسن، کھجوروں، چاول، سکواشز، دودھ اور چائے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت اس پیکیج کے تحت ایک ارب 73 کروڑ 30 لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان پیکیج کے تحت روزمرہ استعمال کی اشیامارکیٹ سے کم نرخوں پر فراہم کی جانی چاہئیں۔ ای سی سی نے 660 کلو واٹ ایچ وی ڈی سی مٹیاری ۔ لاہور ٹرانسمیشن لائن کی فنانشل کلوزنگ تاریخ میں پرفارمنس گارنٹی کی رقم دگنا کئے بغیر سات ماہ یعنی یکم دسمبر 2018تک توسیع کی بھی منظوری دی۔ یہ فیصلہ تھر اور کراچی کے قریب کوئلہ سے چلنے والے بجلی کے آئندہ منصوبوں اور کراچی میں 1100 میگاواٹ کے ٹو پراجیکٹ کی الائنمنٹ کے لئے کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ،پاسکو کے ذریعے بحری راستے سے 50لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے اور 2017-18کیلئے تمباکو پر ٹیکس کی نئی شرح کی منظوری دیدی گئی۔