میری وکٹ ووٹوں سے نہیں گری،وجہ کچھ اور، فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائوں گا، خواجہ آصف

سیاست میں اتارچڑھائو آتے رہتے ہیں،مخالفین یہ نہ سمجھیں کہ نواز شریف اور میری نا اہلی سے ہمیں ووٹ کم ملیں گے یہ انکی خام خیالی ہے، ووٹ کی عزت و احترام کو بحال کروائیں گے ٹیکس ریکارڈ عدالت میں جمع کرائے،تمام اکاؤنٹس اور اثاثے ظاہر کر چکا ہوں، کوئی چیز ڈھکی چھپی نہیں دو گھر اور کچھ جائیداد کا مالک ہوں کوئی کروڑ پتی نہیں ہوں،سابق وزیرخارجہ کی گفتگو

جمعرات 26 اپریل 2018 23:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 26 اپریل 2018ء)سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ میں نے سیاست میں کئی ادوار دیکھے ہیں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، تمام ٹیکس ریکارڈ عدالت میں جمع کرائے گئے، میں نے کوئی چیزنہیں چھپائی ،تمام اکاؤنٹس اور اثاثے ظاہر کر چکا ہوں، کوئی چیز ڈھکی چھپی نہیں دو گھر اور کچھ جائیداد کا مالک ہوں، کوئی کروڑ پتی نہیں ہوں، فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کروں گا، بیٹا اگر الیکشن لڑے تو اس سے بہتر اور کیا بات ہو گی، میری وکٹ ووٹوں سے نہیں اڑائی گئی، ووٹ کی عزت و احترام کو بحال کروائیں گے، پاکستان ماں دھرتی ہے اس مٹی کی محبت دل میں بھرا ہوئی ہے۔

گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ میری شناخت میرے حلقے کے عوام کے لئے خدمت کئے گئے ہیں جنہیں کوئی نہیں چھین سکتا۔

(جاری ہے)

میں نے جو خدمت کی وہ قوم کے سامنے ہے۔ میرے ٹیکس اوربینک کے تمام کاغذات واضح اور صاف ہے اس میں کسی قسم کی خرد برد نہیں کی ہے۔ میری دستاویزات کے ساتھ میں نے اقامہ بھی لگا دیا تھا۔

ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق رکھتا ہوں اپنی نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کروں گا۔ میری اہلیہ کا نیو یارک میں اکاؤنٹ ہے اسے بھی ظاہر کیا گیا کوئی چیز نہیں چھپائی اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات ظاہر کر چکا ہوں۔ تمام انکم اثاثے ظاہر کئے مکمل ٹیکس دیتا ہوں ۔1990ء میں ایک کمپنی کا شیئر خرید لیا اور اس سے رقم آتی تھی۔ ساری چیئر مین پہلے سے چلی آ رہی تھی سب کو پتہ تھا لیکن میاں نواز شریف کے نا اہلی کے بعد مخالفین کو اس چیز کو اچھالنے کا اچھا موقع ملا۔

ابھی بھی حلفاً کہتا ہوں کہ کوئی چیز مخفی نہیں رکھی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کے اٹھائیس بہترین سال سیاست میں گزارے ہیں لیکن عدالت کے فیصلے سے دکھ ہوا۔ عدالت نے کہا کہ میں نے آمدنی چھپانے کی کوشش کی ۔ مجھے بتایا جائے کہ میں نے کب اور کیا چھپایا۔ عدالت کو آمدنی کے متعلق تمام چیزیں واضح طریقے سے جمع کرایا۔ میں نے اب تک عزت کمائی ہے جسے کوئی نیہں چھین سکتا۔

ملک اور اپنے حلقے کے عوام کے لئے جتنا ہو سکا خدمت کی۔ تمام ادوار دیکھ چکا ہوں پاکستان ماں دھرتی ہے اس مٹی سے محبت ہمیشہ سے دل میں رہی ہے اور تا ابد رہے گی۔ مجھے میرے خاندان اور حلقے کے لوگوں کے لئے یہ باعث فخر ہے کہ میں نے پاکستان کی مختلف حوالے سے بھرپور خدمت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین یہ نہ سمجھیں کہ میاں نواز شریف اور میری نا اہلی سے آئندہ الیکشن میں ہمیں ووٹ کم ملیں گے یہ ان کی خام خیالی ہے۔

ووٹ کی عزت و حرمت کو بحال کروائیں گے اور آئندہ انتخابات میں توقع سے زیادہ ن لیگ کو ووٹ ملیں گے۔ میرا بیٹا اگر الیکشن لڑنا چاہے تو اس سے بہتر اور کیا ہو سکتا ہے میں اور میرے والد نے سیالکوٹ سے 12الیکشن جیتے ہیں۔ آئینی اداروں کا احترام کرتا ہوں لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ میری وکٹ ووٹوں سے نہیں گرائی گئی اس کی وجہ کوئی اور ہے۔۔