اپوزیشن کا مفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیرکا درجہ دینے پر احتجاج، اپوزیشن اراکین کے حکومت پر شیم شیم کے نعرے

نوازشریف کا بیانیہ یہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو، آپ آج ووٹ کی عزتبرباد کررہے ہیں،حکومت یہ بجٹ پیش کر کے اگلی اسمبلی کا حق چھین رہی ہے،نہیں سمجھتا ہمیں اس کا حصہ بننا چاہیے، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

جمعہ 27 اپریل 2018 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 27 اپریل 2018ء) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے مفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیر خزانہ کا درجہ دینے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کا بیانیہ یہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو، لیکن آج آپ ووٹ کی عزت کو برباد کررہے ہیں،حکومت یہ بجٹ پیش کر کے اگلی اسمبلی کا حق چھین رہی ہے،نہیں سمجھتا ہمیں اس کا حصہ بننا چاہیے۔

جمعرات کو خورشید شاہ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیر کا درجہ دیئے جانے پر احتجاج کیا اور کہا کہ نوازشریف کا بیانیہ یہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو، لیکن آج آپ ووٹ کی عزت کو برباد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج حکومت کے پاس منتخب وزیر رانا افضل موجود تھے لیکن انہوں نے کہا کہ منتخب کا کیا کام اس اسمبلی میں، ہم ایک غیر منتخب شخص کو لائیں گے جسے لوگوں کا مینڈیٹ نہیں ملا، یہ آئین کی غلط تشریح کرکے انہیں لائے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ کی جانب سے مفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیر کا درجہ دینے پر تنقید کرنے پر اپوزیشن اراکین نے حکومت پر شیم شیم کے نعرے بھی لگائے۔خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت جو بجٹ پیش کررہی ہے وہ اگلی اسمبلی کا حق چھین رہی ہے، حکومت کو کوئی حق نہیں کہ وہ ایک سال کا بجٹ پیش کرے، نہیں سمجھتا ہمیں اس کا حصہ بننا چاہیے۔