حکومت اور ملک کا نظام چلتے رہنے کیلئے بجٹ پیش کرنا اپنی ذمہ داری سمجھی ، وزیراعظم

حالیہ بجٹ میں عوام کیلئے جو ریلیف ہے وہ اس سے پہلے ملک کے کسی بجٹ میں نہیں دیا گیا ، نہ ہی کسی حکومت نے اتنا ریلیف دیا ، جو آدمی محنت کرے، بجٹ تیار کرے،تمام کوششوں کی سرپرستی کرے اسی کا حق ہوتا ہے کہ وہ اسمبلی میں بجٹ پڑھ کر بھی سنائے، یہ کابینہ کا فیصلہ ہے اس میں کوئی غیر آئینی بات نہیں ، نئی حکومت کو بجٹ تبدیل کرنے کا مکمل اختیار ہو گا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا قومی اسمبلی میں بجٹ پیش ہونے سے قبل خطاب

جمعہ 27 اپریل 2018 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 27 اپریل 2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں کہ بجٹ پیش کریں تا کہ حکومت اور ملک کا نظام چلتا رہے، اس بجٹ میں عوام کیلئے جو ریلیف ہے وہ اس سے پہلے پاکستان میں کسی بجٹ میں نہیں دیا گیا اور نہ ہی کسی حکومت نے اتنا ریلیف دیا ہے، جو آدمی محنت کرے، بجٹ تیار کرے اور تمام کوششوں کی سرپرستی کرے اسی کا حق ہوتا ہے کہ وہ اسمبلی میں بجٹ پڑھ کر بھی سنائے،مفتاح اسماعیل بجٹ پیش کررہے ہیں، یہ کابینہ کا فیصلہ ہے اس میں کوئی غیر آئینی بات نہیں ، نئی جو بھی حکومت آئے اس کے پاس مکمل اختیار ہو گا کہ ہم جو بجٹ دے رہے ہیں اس کو تبدیل کرلیں۔

وہ جمعہ کو قومی اسمبلی میں خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملتان سے معزز پارلیمنٹیرین کے جمہوریت اور آئین کیلئے جو درد ہے اس کا مجھے احساس ہے، میں کچھ حقائق بیان کرنا چاہتا ہوں، یہ ہم اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں کہ بجٹ پیش کریں تا کہ حکومت اور ملک کا نظام چلتا رہے، انشاء اللہ 4مہینے کے بعد بھی پارلیمنٹ میں ہم ہی ہوں گے، نئی جو بھی حکومت آئے اس کے پاس مکمل اختیار ہو گا کہ ہم جو بجٹ دے رہے ہیں اس کو تبدیل کرلیں، اس میں کوئی دورائے نہیں ہیں، انہوں نے تحریک انصاف کے ممبران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ آپ کی حکومت اگر بدقسمتی سے آ گئی تو یہ آپ کا حق ہے کہ بجٹ کو تبدیل کر لیں میں اس وقت دیکھوں گا کہ آپ کیا تبدیلیاں کرتے ہیں، مفتاح اسماعیل بجٹ پیش کررہے ہیں، یہ کابینہ کا فیصلہ ہے اس میں کوئی غیر آئینی بات نہیں ہے، یہ مکمل طور پر آئین کے مطابق ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اصول یہ ہوتا ہے کہ جو آدمی محنت کرے، بجٹ تیار کرے اور تمام کوششوں کی سرپرستی کرے اسی کا حق ہوتا ہے کہ وہ اسمبلی میں بجٹ پڑھ کر بھی سنائے۔ انہوں نے کہا کہ رانا افضل صاحب وزیر مملکت برائے خزانہ امور ہیں، وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں میرے پاس تھیں لیکن بجٹ تیار کرنے میں سب سے زیادہ محنت مفتاح اسماعیل نے کی اس لئے وہی آج بجٹ پیش کریں گے، میری گزارش ہے کہ تھوڑی سی ہمت پیدا کریں، تکلیف آپ کو ضرور ہو گی کیونکہ اس بجٹ میں عوام کیلئے جو ریلیف ہے وہ اس سے پہلے پاکستان میں کسی بجٹ میں نہیں دیا گیا اور نہ ہی کسی حکومت نے اتنا ریلیف دیا ہے، تھوڑا برداشت کا مادہ پیدا کریں اور وزیر خزانہ کو سنیں۔