بجٹ اجلاس،مراد سعید عابد شیرعلی پر ٹوٹ پڑے ، دونوں میں ہاتھا پائی

وزیر مملکت بجلی وزیر خزانہ کو بچانے کیلئے مراد سعید کے سامنے ڈھال بن گئے، ن لیگ اور پی ٹی آئی ارکان نے دونوں میں بیچ بچا ئو کروا دیا عابد شیرنے مجھے گالی دی اور میری غیرت کو للکار ا ، مرادسعید کا موقف

جمعہ 27 اپریل 2018 22:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 27 اپریل 2018ء) قومی اسمبلی اجلاس میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی بجٹ تقریر کے دوران حکومتی رکن عابد شیر علی اور پی ٹی آئی رکن مراد سعید کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی، عابد شیر علی وزیر خزانہ کو بچانے کیلئے مراد سعید کے سامنے ڈھال بن گے تاہم ن لیگ اور پی ٹی آئی ارکان نے دونوں میں بیچ بچا ئو کروا دیا۔

جمعہ کو وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی میں بجٹ 2018-19 پیش کردیا ہے۔حکومت کی جانب سے بجٹ پیش کرنے پراپوزیشن نے شدید اعتراض کرتے ہوئے واک آ ئو ٹ کرگئے۔پی ٹی آرکان نے بجٹ کی کاپیاں پھاڑ کراسپیکر ڈائس کے سامنے پھینک دیں۔جبکہ بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے خوب ہنگامہ آرائی کی اور ارکان میں دھکم پیل بھی ہوئی۔

(جاری ہے)

اسی موقع پر حکومتی رکن عابد شیر علی اور پی ٹی آئی رکن مراد سعید کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی۔

مراد سعید ایم کیو ایم کے رکن رشید گوڈیل کے اوپر سے پھلانگتے ہوئے وزیر خزانہ کی طرف بڑھے لیکن سامنے سے عابد شیر علی نے وزیر خزانہ کو اپنے حصار میں لے لیا لیکن ن لیگ اور پی ٹی آئی ارکان نے دونوں میں بیچ بچا ئو کروا دیا۔ جبکہ مراد سعید نے موقف اپنایا کہ وزیر مملکت پانی و بجلی نے مجھے گالی دی اور میری غیرت کو للکار ا ۔اس لئے میں جواب دیا ۔