چار ہزار یورو لیکرتارکین وطن کو صرف 40منٹ میں یورپ پہنچانے والا گروہ گرفتار

یہ گروہ چھوٹی سی برق رفتار کشتی پر15کلومیٹر کی سمندری پٹی آدھ گھنٹے میں عبور کر کے تارکین وطن کو اسپین پہنچاتاتھا،حکام

جمعہ 27 اپریل 2018 12:59

میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 27 اپریل 2018ء)ہسپانوی حکام نے مراکش میں ایک ایسے گروہ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے جو انتہائی تیز رفتار کشتیوں کی مدد سے فی کس چار ہزار یورو لے کر غیر قانونی تارکین وطن کو آدھ گھنٹے میں اسپین میں داخل کرا دیتا تھا،میڈیارپورٹس کے مطابق ہسپانوی پولیس نے کہاکہ یہ گروپ اپنی اس چھوٹی سی مگر انتہائی تیز رفتار کشتی پر ایک تا تین تارکین وطن کو بٹھاتا اور مراکش اور آبنائے جبل الطارق میں صرف پندرہ کلومیٹر کی سمندری پٹی آدھ گھنٹے میں عبور کر کے ان تارکین وطن کو اسپین پہنچا دیتا، پولیس کے مطابق اس راستے سے اسپین پہنچنے والے تارکین وطن کی مجموعی تعداد تو نہایت قلیل ہے، تاہم اس انداز کی کشتیوں کے ذریعے اس طرح دراندازی کی کارروائی میں تیزی کا رجحان ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا تھا کہ یہ گروہ اسی طریقے سے منشیات بھی اسپین پہنچاتا تھا۔ حکام کا کہناتھا کہ اس طریقے سے اسپین پہنچنے والے تارکین وطن یا تو اسپین میں ہیں یا پھر فرانس یا اٹلی منتقل ہو چکے ہیں۔یورپی حکام کے مطابق اسی صورت حال کے سبب شمالی افریقہ سے اسپین کا رخ کرنے والے تارکین وطن کی تعداد میں ماضی کے مقابلے میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔