فواد حسن فواد آشیانہ سکینڈل کی تحقیقات میں نیب کے سامنے پیش ،ایک گھنٹہ تک پوچھ گچھ کی گئی

فواد حسن فواد نے کئی دستاویزات پیش کیں،بیان بھی ریکارڈ ،جائیدادوں کا ریکارڈ بھی 8مئی تک طلب کر لیا گیا ‘ ذرائع

جمعہ 27 اپریل 2018 21:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 27 اپریل 2018ء)وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل کی تحقیقات کے سلسلہ میں نیب کے سامنے پیش ہوگئے۔ذرائع کے مطابق نیب کی مشترکہ تفتیشی ٹیم نے فواد حسن فواد سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ تفتیش کے دوران فواد حسن فواد نے کئی دستاویزات پیش کیں ۔

(جاری ہے)

نیب کی ٹیم نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم سکینڈل میں گرفتار ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں فواد حسن فواد سے سوالات پوچھے۔

نیب ٹیم نے سوال نامہ کے جوابات طلب کرتے ہوئے بیان بھی ریکارڈ کیا ۔ ذرائع کے مطابق نیب نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں بے ضابطگیوں اور آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کی تحقیقات کرتے ہوئے مطلوب ریکارڈ بھی طلب کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے فواد حسن فواد سے انکی جائیدادوں کا ریکارڈ بھی 8مئی تک طلب کر لیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ فواد حسن فواد کو مذکورہ تحقیقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری ٹو امپلیمنٹیشن طلب کیا گیا ہے ۔