کراچی میں مسجد کے امام نے دروازے پر ملنے والی 4 دن کی بچی کو ناجائز قرار دے کر اس کا گلا کاٹ ڈالا

جمعہ 27 اپریل 2018 20:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 27 اپریل 2018ء) کراچی میں مسجد کے امام نے دروازے پر ملنے والی 4 دن کی بچی کو ناجائز قرار دے کر اس کا گلا کاٹ ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسانیت سوز واقعہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایدھی فاونڈیشن کے ایک نمائندے کے مطابق کراچی کے ایک علاقے میں واقع مسجد کے دروازے پر کوئی شخص اپنی نومولود بیٹی کو چھوڑ گیا۔

(جاری ہے)

تاہم مسجد کے امام کو جیسے ہی اس واقعے کا علم ہوا، اس نے رحم کا اظہار کرنے کی بجائے درندگی کی انتہاء کردی۔ مسجد کے امام نے 4 دن کی بچی کو ناجائز قرار دے کر اسے قتل کرنے کی تلقین کردی۔ مسجد کے مولوی کی ہدایت پر بچی کا گلا کاٹ کر اسے قتل کر دیا گیا اور پھر اس کی لاش کوڑے کے ڈھیر میں پھینک دی گئی۔ ایدھی کا نمائندہ بتاتا ہے کہ اس نے مسجد کے امام کیخلاف مقدمہ درج کروانے کی کافی کوشش کی تاہم اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔