عوامی مسائل پر سیاست نہیں ہونی چاہئے ، مسائل کے حل کیلئے تمام جماعتیںایک پلیٹ فارم پر آئیں ،شاہد خاقان عباسی

کاروباری برادری، سرمایہ کاروں کو دی گئی ٹیکس مراعات کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی،نجی شعبے کراچی کے غریب عوام کو بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے آگے آئیں اور اپنا کردارادا کریں، حکومت صحت کے شعبہ میں جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ،سرکاری و نجی شعبوں کو معاشرے کے غریب طبقات کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اجتماعی کوششیں کرنا چاہئیں،وزیراعظم کا ڈائیلائسز سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 اپریل 2018ء)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ، مسائل کے حل کیلئے تمام جماعتیںایک پلیٹ فارم پر آئیں ،کاروباری برادری، سرمایہ کاروں کو دی گئی ٹیکس مراعات کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی،نجی شعبے کراچی کے غریب عوام کو بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے آگے آئیں اور اپنا کردارادا کریں، حکومت صحت کے شعبہ میں جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ،حقیقت یہ ہے نجی شعبہ سرکاری شعبہ کی نسبت بہتر خدمات فراہم کر سکتا ہے، دونوں سرکاری اور نجی شعبوں کو معاشرے کے غریب طبقات کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اجتماعی کوششیں کرنا چاہئیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ بات ہفتہ کو دارالصحت ہسپتال کے ولیدآڈیٹوریم میں منعقدہ ڈائیلائسز سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر اور میئر کراچی وسیم اختر بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور خوشحالی باقی ماندہ ملک کی ترقی سے منسلک ہے کوئی بھی حکومت کراچی کو نظر انداز نہیں کر سکتی اوراس میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو یہ ذمہ داریاں منتقل ہو چکی ہیں لیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت اس میگا شہر کی ترقی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور اس کیلئے کراچی پیکیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ کو ہدایت کی کہ میئر کراچی کی مشاورت سے اس پیکیج پر عملدرآمد کرائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے توانائی کا مسئلہ حل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اس کیلئے تمام جماعتوں کو چاہئے کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر آئیں تا کہ عوامی مسائل کو حل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نے کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کیلئے ٹیکس مراعات کا اعلان کیا ہے جس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ انسانیت کی خدمت کیلئے آگے بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی کے غریب عوام کو بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے آگے آئیں اور اپنا کردارادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبہ میں جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے نجی شعبہ سرکاری شعبہ کی نسبت بہتر خدمات فراہم کر سکتا ہے، دونوں سرکاری اور نجی شعبوں کو معاشرے کے غریب طبقات کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اجتماعی کوششیں کرنا چاہئیں۔