سیاحت کے فروغ کے لئے پری فیبرکیٹڈ سٹرکچر بمعہ رومز برآمد کرنے پر کسٹم ڈیوٹی 20فیصد سے کم کر کے 11فیصد کرنے کی تجویز

ہفتہ 28 اپریل 2018 00:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 27 اپریل 2018ء) وفاقی حکومت نے ملک میں سیاحت کی فروغ کے لئے پری فیبرکیٹڈ سٹرکچر بمعہ رومز برآمد کرنے پر کسٹم ڈیوٹی 20فیصد سے کم کر کے 11فیصد کر دی ہے ،آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان کے پہاڑی اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں نئے ہوٹلز اور موٹلز قائم کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

مالی سال 2018-19کا بجٹ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ پچھلے چند سالوں میں مقامی سیاحت کا حجم ان علاقوں میں قابل ذکر حد تک بڑھ گیا ہے جہاں ماضی میں سیکیو رٹی حالات کی بنا پر لوگوں کی آمد کم تھی۔

اِن میں خاص طور پر شمالی علاقہ جات شامل ہیں۔اگرچہ یہ ملک عمدہ سیاحتی مقامات سے ما لا مال ہے تاہم ان علاقوں میں ہوٹل کی سہولیات بہت کم ہیں۔اسی طرح ہوٹلز کی تعمیر میںوقت اور سرمائے کی بہت زیادہ ضرورت پڑتی ہے۔ لیکن ایک آسان اور سود مند راستہ پری فیبرکیٹڈ رومز کی تعمیر ہے۔ اس لیے تجویز ہے کہ پری فیبریکیٹڈ انفراسٹرکچر اور رومزکی پر کسٹم ڈیوٹی 20 فیصد سے کم کر کے 11 فیصد کر دی جائے تاکہ پہاڑی علاقوں بشمول آزادکشمیر اور گلگت بلتستان اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں نئے ہوٹلز اور موٹلز قائم کیے جا سکیں۔