آصف زرداری سے بھیرہ کسان بورڈ کے صدر شوکت حیات کی ملاقات،پیپلزپارٹی میں شمولیت

زراعت ہماری معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی،پیپلزپارٹی کسانوں کا تحفظ کرے گی ،سابق صدر پیپلزپارٹی ہی کسان دوست پارٹی ہے جو ہمارے لئے منصفانہ پالیسیوں پر عملدرآمدکرے گی،شوکت حیات

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 اپریل 2018ء)سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری سے بھیرہ کی ممتازسیاسی شخصیت ضلع کسان بورڈ کے صدر اور ناظم چوہدری شوکت حیات نے بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کرکے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

چوہدری شوکت حیات نے کہا کہ ملک میں صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہی کسان دوست پارٹی ہے اور کسانوں کو یقین ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کسانوں کے لئے منصفانہ پالیسیوں پر عمل کرے گی۔ آصف علی زرداری نے چوہدری شوکت حیات کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کسانوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے اور اصولی طور پر چاہتی ہے کہ کسان معاشی طور پر ترقی حاصل کرکے جدید طرز پر زراعت کو فروغ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کسانوں کی مکمل حوصلہ افزائی کرے گی تاکہ وہ ملک کو خوراک میں خودکفیل کرنے کے لئے اس اعتماد کے ساتھ کام کریں تاکہ ان کی محنت کی قدر کی جائے گی اور ان کی پیداوار کی مناسب قیمت ملے گی۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، عامر فدا پراچہ اور آیت اللہ دورانی بھی موجود تھے۔ 04-18/--352