عالمی قواعد و ضوابط اور ملکی قوانین نظر انداز ،وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھارتی سرحد کے قریب ترین سپورٹس سٹیڈیم پر مزید ڈیڑھ ارب کی رقم بجٹ کا حصہ بنادی

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 اپریل 2018ء)وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال نے عالمی قواعد و ضوابط اور ملکی قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارتی سرحد کے قریب ترین بنائے گئے سپورٹس سٹیڈیم پر مزید ڈیڑھ ارب روپے خرچ کرنے کے لئے بجٹ کا حصہ بنا دیئے۔ وزیر داخلہ سپورٹس سٹیڈیم پر پہلے ہی ساڑھے چار ارب روپے لگا چکے ہیں۔

6ارب سے بننے والا سپورٹس سٹیڈیم بھارتی سرحد سے صرف800 میٹر کے فاصلے پر ہے۔ ذرائع کے مطابق جب اس سٹیڈیم کا پی سی ون بنایا گیاتو ماہرین نے چوہدری احسن اقبال کو تجویز دی تھی کہ بھارتی سرحد کے بالکل اوپر واقع اس قیمتی سٹیڈیم پر خطیر رقم نہ خرچ کی جائے بلکہ یہ سٹیڈیم سیالکوٹ شہر یا کسی اور علاقے میں تعمیر کیا جائے تو زیادہ بہتر ہو گا اور ملک بھر کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو استفادہ کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

ماہرین نے یہ بھی آگاہ کیا تھا کہ عالمی قوانین اس حوالے سے بالکل واضح ہیں کہ کسی بھی ایسے ملک کے ساتھ کھیلوں کے لئے گراؤنڈز نہ بنائے جائیں جس کے ساتھ کشیدگی ہر وقت موجود رہتی ہوں۔ علاوہ ازیں چوہدری احسن اقبال کو یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ اس سٹیڈیم کی تعمیر سے سیاسی فائدہ کم اور دفاعی نقصان زیادہ ہو سکتا ہے کیونکہ پڑوسی ملک شرارت کرتے وقت معصوم لوگوں کا ہجوم مدِ نظر نہیں رکھتا ، اسکا مقصد صرف افرا تفری پھیلانا اور معصوم لوگوں کے خون سے کھیلنا ہوتا ہے ۔

واضح رہے کہ بھارت روزانہ کی بنیاد پر پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ کرتا رہتا ہے اور رواں سال میں پانچ ہزار سے زائد فائرنگ کے واقعات رونما ہو چکے ہیں جس میں کئی معصوم شہری شہید ہوئے اور اربوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور ہزاروں مال مویشی بھی اس بلا اشتعال فائرنگ کی نظر ہو چکے ہیں۔