کل کے جلسے میں آئندہ کی پالیسی دو ں گا،نواز شریف نیلسن منڈیلا نہیں ،فلپائنی آمر مارکوس ہیں‘ عمران خان

شہباز شریف کرپٹ ٹولے کے چیف ہیں، آئندہ عام انتخابات میں (ن) لیگ سے مقابلہ ہوگا ،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس بھی ہوا ،مینار پاکستان جلسے کیلئے عمران خان کی تقریر کے نکات زیر بحث آئے

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 اپریل 2018ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج (اتوار)مینار پاکستان جلسے میں 10اہم نکات کا اعلان کروں گااور اپنی آئندہ کی پالیسی دو ں گا،نواز شریف نیلسن منڈیلا نہیں بلکہ فلپائنی آمر مارکوس ہیں،شہباز شریف کرپٹ ٹولے کے چیف ہیں، آئندہ عام انتخابات میں (ن) لیگ سے مقابلہ ہوگا ، موجودہ عدلیہ بہترین کام کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان نے کہا کہ پہلے ہمارے پاس جیتنے والے امیدوار نہیں تھے لیکن اب ہیں۔(ن) لیگ کمزور ہو رہی ہے ،خواجہ آصف کی نا اہلی اس کا ثبوت ہے،(ن) لیگ جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ پہلے (ن) لیگ ، پیپلز پارٹی ، (ق) لیگ اور دوسری جماعتوں کا مقابلہ ہوتا تھالیکن آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف اور (ن) لیگ مد مقابل ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ خارجہ پالیسی سویلین کے دائرہ اختیار میں ہے لیکن سکیورٹی پر دوسرے اداروں کی مشاورت ضروری ہوتی ہے۔مودی کا مائنڈ سیٹ ایسا نہیں کہ اس سے مذاکرات ہوں۔مودی سے کہا تھا جو بھی ہو مذاکرات کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف نیلسن منڈیلا نہیں بلکہ فلپائنی آمر مارکوس ہیں۔شہباز شریف کرپٹ ٹولے کے چیف ہیں۔

قبل ازیں عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں مینار پاکستان جلسے میں عمران خان کی تقریر کے نکات زیر بحث آئے ۔ اجلاس میں پرویز خٹک ،شاہ محمود قرشی، جہانگیر خان ترین، نعیم الحق، شیریں مزاری، فواد چوہدری ،شفقت محمود سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں خارجہ پالیسی ،زراعت ،مقامی حکومتوں اور کرپشن کے حوالے سے پالیسی کا جائزہ لیا گیا ۔