انتشار کی سیاست کرنے والے انتخابات میں بد ترین انجام کو پہنچیں گے ‘ حمزہ شہباز

حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کرکے منفی سیاست کا راستہ روکا ‘ وفد سے گفتگو

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 اپریل 2018ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ انتشار کی سیاست کرنے والے عام انتخابات میں بد ترین انجام کو پہنچیں گے، حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کرکے منفی سیاست کا راستہ روکا ہے ، جوں جوں انتخابات قریب آرہے ہیں اپنی واضح شکست کو دیکھتے ہوئے مخالفین کی بے چینی بھی بڑھ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر تجارت و مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک،حامد حمید،توصیف شاہ، سواتی خان، حاجی اللہ رکھا،طارق محمود سمیت دیگر رہنمائوں اور سماجی شخصیات سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پارٹی امور اور آئندہ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) نے ہمیشہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں سیاست کی ہے ۔ انتشار پھیلانے والوں کا وقت قریب ہے اور یہ لوگ انتخابات میں بد ترین انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوامی عدالت میں جائیں گے اور انشا اللہ سر خرو بھی ہوں گے۔