لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی نے معطل شدہ 30 ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کو بحال کر دیا

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 اپریل 2018ء)لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی نے مجموعی طور پرمعطل کئے گئے تیس ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کو بحال کر دیا،انتظامی کمیٹی نے سول ججز کے انٹرویو میں فیل ہونے والے پانچ سول ججز کو اضافی نمبر دے کر پاس کر دیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ یاور علی کی سربراہی میں منعقد ہوا،انتظامی کمیٹی نے مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے اہم فیصلے کئے،انتظامی کمیٹی نے مجموعی طور پرمعطل کئے گئے تیس ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کو بحال کر دیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامی کمیٹی نے سات سول ججز کی انکوائریاں جسٹس عاطر محمود کو بھجواتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی،دوسری جانب ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ انتظامی کمیٹی نے سول ججز کے انٹرویو میں فیل ہونے والے پانچ سول ججز کو اضافی نمبر دے کر پاس کر دیا،انٹرویو میں فیل ہونے والے نابینا سول جج یوسف سلیم کے معاملے کا چیف جسٹس پاکستان نے از خود نوٹس بھی لے رکھا تھا، سینئر قانون دان میاں ظفر اقبال کلانوری نے اج سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کولاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے بتایا کہ آپ کے از خود نوٹس کی وجہ سے نابینا امیدوار اور فیل ہونے والے پانچ امیدواروں کو انصاف مل گیا ہے،انہوں نے چیف جسٹس کو دعائیں دیں اور لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کے فیصلے کو سراہا۔