سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں عطائیوں پرکریک ڈائون جاری

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے مزید220اڈے سربمہرکر دیے،متعدد مقدمات بھی درج

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 اپریل 2018ء) سپریم کورٹ کے احکاما ت کی تعمیل میں پنجاب بھر میں جاری کریک ڈائون کے دوران گزشتہ دوروزمیںپنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے مختلف اضلاع میں220عطائیوں کے ا ڈے بند کر دیے جبکہ متعددکے خلاف ایف آئی آربھی درج کروا دیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کمیشن کی ٹیمیں 13 اضلاع میں انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کررہی ہیں اوران ٹیموں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ،شیخوپورہ،حافظ آباد،ملتان،بہاولپور،ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، ساہیوال، پاکپتن، منڈی بہائوالدین،بھکر، روالپنڈی اورلاہورکے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز 713علاج گاہوںپرچھاپے مارے۔

ان میں سے 220پر عطائی کام کرتے ہوئے پائے گئے،جن کے اڈوں کو سربمہر کردیا گیا ۔مزیدبرآں713میں سی291 عطائیوں نے عطائیت چھوڑ کردوسرے کاروبارشروع کردیے ہیں۔یاد رہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں عطائیوں کے خلاف جاری کارروائی میںکل 3,142علاج گاہوں پر چھاپے مارے اور ان میں سے 1,150عطائیوں کے اڈوں کو بند کر دیاگیاہے۔