نوازشریف فوج کو بدنام کرنے کیلئے عالمی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں،شیخ رشید

عوام کو ملک کا وقار بحال کرنے کیلئے فوج اور عدلیہ کیساتھ کھڑا ہونا ہو گا ملکی معیشت دیوالیہ ہو چکی ہے ،ملک میں ہسپتال ہے نہ روز گار بلکہ کوئی گورننس ہی نہیں ہے،چیف جسٹس پاکستان کے سوا کوئی ادارہ ملک میں ٹھیک کام نہیں کررہا ،جلسہ سے خطاب

اتوار 29 اپریل 2018 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 اپریل 2018ء)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فوج کو بدنام کرنا بین الاقوامی ایجنڈہ ہے جس پر نوازشریف کام کررہے ہیں ،عوام کو ملک کا وقار بحال کرنے کیلئے فوج اور عدلیہ کیساتھ کھڑا ہونا ہو گا ،چیف جسٹس پاکستان کے سوا کوئی ادارہ ملک میں ٹھیک کام نہیں کررہا ،ملکی معیشت دیوالیہ ہو چکی ہے ،ملک میں ہسپتال ہے نہ روز گار بلکہ کوئی گورننس ہی نہیں ہے، میں عمران خان کے ساتھ اس لیے ہوں کیونکہ ملک تبدیلی چاہتا ہوں عمران خان کو ملک کا وزیرِاعظم دیکھ رہا ہوں ۔

مینارِ پاکستان پر تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج ملک میں پانی نہیں، گیس نہیں، بجلی نہیں اور نوکری نہیں ہے۔

(جاری ہے)

کوئی گورننس، کوئی پولیس، کوئی ہسپتال، کوئی روزگار نہیں ہے۔ ایک چور جاتا ہے تو دوسرا آ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن آج پاکستان کی قوم جاگ رہی ہے، پاکستانی فوج ہر محاذ پر ڈٹی ہے اور پاکستان کی عدلیہ ہر محاذ پر لڑ رہی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی ہے، عمران خان سے بہتر مجھے سیاست میں کوئی شخص نظر نہیں آتا۔ میں انھیں ملک کا وزیرِاعظم دیکھ رہا ہوں۔ میں ان کے ساتھ ہوں کیونکہ میں ملک تبدیلی چاہتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور والوں نے آج دل خوش کر دیا۔آج کے کامیاب جلسے پر پی ٹی آئی قیادت کو مبارکباد دیتا ہوں۔نہوں نے کہا کہ آج چیف جسٹس کو عوام کے سمندر میں سلام پیش کرتا ہوں۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار جہاد کررہے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں پانی، بجلی، روزگار نہیں ہے۔ مفتاح کا پتہ نہیں کہاں سے مفتا لگ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف مریم نواز کے سامنے نہیں بول سکتے۔ یہ صرف نام کے شریف ہیں۔ میں نوازشریف کے خاندان کی سیاست نہیں دیکھ رہا۔ ملک کے حالات الیکشن سے پہلے بھی خراب ہوسکتے ہیں اور بعد میں بھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سب سے بہتر انسان سمجھتا ہوں۔ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں لیکن عمران خان کا دامن صاف ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ آج ہم دو نہیں، ایک پاکستان کی بات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں کسانوں کو فصلیں نہ جلانی پڑیں۔پی ٹی آئی رہنما سینیٹر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اس کامیاب جلسہ پر عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، عوام نے بتادیا ہے کہ لاہور، پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کا ہے۔

چوہدری سرور نے کہا کہ عوام نے بتادیا ہے کہ عمران خان ہی ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں، ہمیں ایسا پاکستان چاہیے جہاں انصاف کے کہڑے میں سب برابر ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاکستان میں ساری طاقت بلدیاتی اداروں کے پاس ہوگی، عوام کی جدوجہد سے عمران خان اور تحریک انصاف کو کامیاب کرانا ہے۔

پارٹی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان پاکستانی قوم اور پاسپورٹ کوعزت دلائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے دولت ہی نہیں لوٹی بلکہ ملک کو بھی رسوا کیا۔جلسے سے خطاب میں تحریک انصاف سندھ کے صدر عارف علوی نے کہا کہ سندھ میں راؤ انوار جیسے درندے پھرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پورے ملک سے نواز شریف کو نکال دیا ہے، اب وہ پوچھیں گے مجھے کیوں نکلایا۔