نوازشریف کی سیاست تقریباًختم ہوگئی ہے ، نوازشریف کے پاس وہی لوگ ہیں جن کے پاس جانے کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے‘فواد چوہدری

تحریک انصاف نے ملکی ترقی کا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھا ہے ،مئی کے دوسرے ہفتے میں پارلیمانی بورڈ کااجلاس بلائیں گے،اسی ایجنڈا پر عام انتخابات میں جائیںگے‘پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 30 اپریل 2018 22:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 اپریل 2018ء)تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ پی ٹی آئی کا 11 نکاتی ایجنڈا عوام کی آواز ہے ، نوازشریف کہتے ہیںکہ 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کی ہے ، نیپرا آفیشل ویب سائٹ پر دیکھ لیں کتنے منصوبے لگائے ہیں، نوازشریف کی حالت اب ہارے ہوئے جواری جیسی ہے ، نوازشریف کو سنجیدگی سے جھوٹ بولنے پر ملکہ حاصل ہے ، تحریک انصاف کی حکومت ایک کروڑ نوکریاں پیدا کرے گی، 50 لاکھ سے زائد آبادی والے شہروں میں ڈائریکٹ میئر کا الیکشن کرائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے ڈاکٹر مراد اور ندیم افضل چن کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں کی لائن لگی ہوئی ہے ، نوازشریف کی سیاست تقریباًختم ہوگئی ہے ، نوازشریف کے پاس وہی لوگ ہیں جن کے پاس جانے کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ،تحریک انصاف نے ملکی ترقی کا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھا ہے ،مئی کے دوسرے ہفتے میں پارلیمانی بورڈ کااجلاس بلائیںگے۔

(جاری ہے)

اسی ایجنڈا پر ہم عام انتخابات میں جائیںگے، جولائی کے آخر تک پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہو چکی ہوگی ،جنوبی ایشیاء میںسب سے زیادہ سستی بجلی بنائیںگے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ نواز شریف آج کل اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو مل رہے ہیں ، صبح وہ نواز شریف سے ملتے ہیں رات کو ہم سے بات کرتے ہیں ، جنہیں پہلے وہ تصویروں میں یا ٹی وی پر دیکھتے تھے اب ان سے وہ مل بھی رہے ہیں ، نواز شریف کہتے ہیں میں اب بدلوں گا، پہلے تیس سال آپ نے کیا کیا ضرب عضب کانواز شریف کو تو بعد میں پتہ چلا، شہباز شریف نے پنجاب میں فوجی آپریشن کی مخالفت کی تھی ، کراچی میں بھی فوجی آپریشن کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی گئیں ۔

انہوں نے کہاکہ نیپرا کے مجموعی منصوبے بھی بجلی کی کمی پوری نہیں کرپارہے ، جلسے میںسب سے زیادہ شرکاء سنٹرل اور ویسٹ پنجاب کے تھے جبکہ جنوبی پنجاب سے بھی عوامی آئی ہوئی تھی ، نواز شریف کی پریس کانفرنس ہارے ہوئے شخص کی پریس کانفرنس تھی ، عمران خان نے جو گیارہ نکات بتائے وہ پاکستانی عوام کی آواز ہے،چیف جسٹس نے جو خیبرپختونخواہ میں غلطیوں کی نشاندہی کی انہیں قبول کیا، مدارس اور نصاب میں یکساں نصاب لایا جائے گا ، حقانیہ مدارس کی طرح دیگر مدارس کے بچوں کو بھی مین اسٹریم میں لائیں گے ۔

تحریک انصاف ملک میں جدید ہسپتال بنائے گی اور جس طرح مریم نواز کی ماں کوہیلتھ سہولت مل رہی ہے ،چاہتے ہیں وہی سہولیات ملک کی باقی مریم جیسی بچیوں کی مائوں کو بھی ملیں ، فاٹا انضمام نہ کرنے کی وجہ سے پشتون تحفظ موومنٹ نے جنم لیا ہے۔ نواز شریف،محموداچکزئی اور مولانا فضل الرحمن اس کے ذمہ دار ہیں ۔فواد چوہدری نے کہاکہ انڈسٹری کو سستی بجلی اور گیس دیں گے ، ٹورازم کو فروغ دیں گے، پانچ سالوں میں ایک کروڑ نوکریاں نوجوانوں کو دیں گے ، ایم این ایز اور ایم پی ایز کو لوکل فنڈز نہیں دیں گے ، بلدیاتی نظام میں ڈائریکٹ مئیرز لائیں گے باقی ادارہ ختم کریں گے ۔

وزرائے اعلی اٹھارویں ترمیم کے بعد حد سے زیادہ طاقت ور ہو گئے ہیں، نواز شریف کی سیاست بالکل ختم ہوگئی ہے ، وہ بول رہے جنہیں کوئی پوچھ نہیں ریا ، تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے لائنیں لگی ہوئی ہیں ، رمضان سے پہلے ایک بڑا دھڑا شمولیت اختیار کرسکتا ہے ، انٹیگریٹی، لائیلٹی اور الیکٹیبیلیٹی ٹکٹ دیتے ہوئے دیکھی جائے گی، بھاشا ڈیم اور ہائیڈل پاور پراجیکٹس پہلی ترجیح ہوگی ،نوازشریف نے تختیاں لگاتے لگاتے ملک کا تختہ کردیا گیا ہے ، کے پی کے میں کبھی تشہیری مہم نہیں کی گئی۔

فواد چوہدری نے کہاکہ چیئرمین عمران خان نے کہا سب سے پہلے تعلیم بہتر کرنے بات کی ملک میں یکساں نصاب ہوگا مدرسہ میں پڑھنے والے بھی ہمارے بچے ہیں اور سب کے لئے ایک سلیبس بنایاجائے گا، انگلش میڈیا میں پڑھنے والے بچوں جیسی سہولیات مہیاکریںگے، سائوتھ پنجاب صوبے کی بات کی ہے ، جنوبی پنجاب کو ایک علیحدہ صوبہ بنایا جائے ، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل تباہ ہوگئی ہے ، خصوصاٹیکسٹائیل انڈسٹری پر توجہ دیںگے، کے پی کے کی ٹورازم میں 70 فیصد اضافہ ہواہے اس میں نوکریوں کی بڑی گنجائش ہے ، ہم نے ایک مافیا سے جان چھڑانی تھی وہ چھوٹ چکی ہے ۔