جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ہمدرد سیاسی دکانداریاں چمکانا چاہتے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 30 اپریل 2018 23:59

لیہ۔ 30اپریل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 اپریل 2018ء)وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں میں عالمی معیا رکی حامل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ہم نے عوام کی خدمت کیلئے انقلابی اقدمات اُٹھائے ہیں۔جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ہمدرد صرف سیاسی دکانداری چمکانا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے یہ بات دورہ لیہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ اس وقت دور دراز کے علاقوںمیں صحت کی سہولیات عوام کوان کے گھروں کے قریب فراہم کی جا رہی ہیں ۔

اس کیلئے پنجاب بھر میں 20موبائل ہسپتال کام کر رے ہیں۔دیہی علاقوں کے ہسپتالوں میں خراب مشینری کو بہتر کرنے کے لیے 9موبائل ورکشاپس مہیاکی گئی ہیں ۔جو ان ہسپتالوںمیںجا کر خراب مشینری کوموقع پرہی دوبارہ سے فعال بنائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ اس سے قبل لیہ کے لوگ سی ٹی سکین کیلئے ملتان یا لاہور جاتے تھے اب یہ سہولت لیہ کے ہسپتال میں مہیا کردی گئی ہے جہاں اب تک 15سو سے زائد افراد کی سی ٹی سکین کی گئی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہسپتالوں میں موجود خطرناک فضلہ کواٹھانے اورمحفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے مضبوط اور جامع پلان مرتب کیا گیا ہے ۔انہوں نے اس سے قبل پیتھالوجی لیب اور کڈنی وارڈ کا افتتاح کیا۔انہوںنے کہاکہ عمران خان نے الزامات کے ریکارڈ بنائے ہیں اور میں ان کے سوالات کا جواب دینا وقت کا ضیاع سمجھتا ہوں ۔انہوںنے کہاکہ ہم نے پاکستان کو قائد کا پاکستان بنانے کے لیے دن رات کام کیا ہے اور اسے قائد کا پاکستان بنایا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ لیہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے وعدہ کیا ہے اور اسے ہر صورت میں پورا کریں گے اس موقع پر صوبائی وزیر اقدامات برائے قدرتی آفات مہر اعجاز احمد اچلانہ وزیر صحت عمران نذیر ،سیکرٹری صحت علی جان ،ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن،) ملک احمدعلی اولکھ،عابد انوار علوی بھی ہمراہ تھے۔