دنیا کی 20 بہترین افواج کی فہرست جاری، پاک فوج بھی شامل

پیر 30 اپریل 2018 21:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 اپریل 2018ء) دنیا کی 20 بہترین افواج کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں پاک فوج بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلوبل فائر پاور نامی بین الاقوامی جریدے نے دنیا کی 20 بہترین افواج کی تازہ ترین فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں دنیا کے بڑی افواج کو ملنے والے دفاعی بجٹ اور افرادی قوت کے حساب سے درجہ بندی کی گئی ہے۔

گلوبل فائر پاور کی فہرست میں پاک فوج کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ فہرست میں امریکا کی فوج کو دنیا کی سب سے بڑی اور طاقتور فوج قرار دیا گیا ہے۔ امریکی فوج کو سالانہ 627 ارب ڈالرز کا بجٹ ملتا ہے۔ جبکہ کل امریکی فوجیوں کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے۔ اسی طرح روس دنیا کی دوسری جبکہ چین دنیا کی تیسری بہترین اور طاقتور فوج قرار دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس فہرست میں پاکستان کو 17 واں نمبر دیا گیا ہے۔

پاک فوج کو محدود وسائل میسر ہونے کے باوجود دنیا کی بہترین افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ پاک فوج کو اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کیلئے محض 7 ارب ڈالرز کا بجٹ ملتا ہے، تاہم اس کے باوجود پاک فوج خود کو دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ثابت کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ اس فہرست میں پاکستان کے علاوہ ترکی، مصر، ایران اور انڈونیشیا وہ اسلامی ممالک ہیں جن کی افواج کو دنیا کی بہترین افواج کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔