افغانستان میں یکے بعدیگرے دودھماکے،26افرادہلاک،45زخمی

پہلے دھماکے کے بعد قریب واقع وزارت ترقیات کے ملازمین جمع تھے اسی دوران دوسرادھماکہ ہوا،افغان حکام

پیر 30 اپریل 2018 13:00

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 30 اپریل 2018ء)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو خود کش حملوں میں کم از کم26 افراد ہلاک اور45 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ دھماکوں کے کئی شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایاکہ پہلا دھماکہ پیر کی صبح وسطی کابل کے علاقے شش درہ میں افغان انٹیلی جنس ادارے کے مرکزی دفتر کے نزدیک ہوا۔

دوسرا دھماکہ چند منٹ کے وقفے سے نزدیک ہی واقع شہری ترقیات کی وزارت کے دفتر کے باہراس وقت ہوا جب وہاں صبح کے اوقات میں وزارت میں داخل ہونے والے ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی جو پہلے دھماکے کے مقام کی طرف متوجہ تھے۔

(جاری ہے)

حکام نے کہا کہ ابتدائی شواہد سے لگتا ہے کہ دونوں دھماکے خود کش حملوں کا نتیجہ تھے۔کابل میں ایمبولینس سروس کے سربراہ محمد عاصم کے مطابق دھماکے چند منٹ کے وقفے سے ہوئے ۔

دوسرے دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو پہلے دھماکے کے بعد جائے واقعہ کے نزدیک جمع تھے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لے رہے تھے۔دوسرے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا فوٹو گرافر بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں بھی کئی صحافی شامل ہیں جو پہلے دھماکے کی کوریج کے لیے وہاں پہنچے تھے۔

افغان وزارتِ صحت کے ترجمان واحد مجروح نے کہا کہ دھماکوں کے کئی شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔جس علاقے میں خود کش دھماکے ہوئے ہیں وہاں افغانستان کے لیے نیٹو مشن کا صدر دفتر اور کئی غیر ملکی سفارت خانے بھی واقع ہیں۔کابل پولیس کے سربراہ داود امین کے مطابق حملوں کا نشانہ بننے والے علاقے میں کئی غیر ملکی اداروں کے دفاتر بھی ہیں۔تاحال کسی نے بھی پیر کو کیے جانے والے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔