چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی پارلیمنٹ ہائوس اور لاجز میں معذور افراد کیلئے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

منگل 1 مئی 2018 23:24

اسلام آباد ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 1 مئی 2018ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پارلیمنٹ ہائوس اور لاجز میں معذور افراد کیلئے سہولیات فراہمی کی ہدایت کر دی۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان کے معذور افراد کے حقوق کے حوالے سے عالمی معاہدوں کا رکن ہونے کے باوجود پارلیمنٹ ہائوس میں معذور افراد کیلئے سہولیات کا کوئی انتظام نہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں معذوروں کیلئے پارکنگ سپاٹس بنائی جائیں۔ انہوں نے سیکرٹری سینیٹ کو ہدایت کی کہ پارلیمنٹ ہائوس اور پارلیمنٹ لاجز کے داخلی راستوں اور دروازوں پر معذور افراد کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں اور اس حوالے سے متعلقہ حکومتی اداروں کو احکامات پہنچائے جائیں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ معذور افراد کی دیکھ بھال کرنا، انکا خیال رکھنا اور معذور افراد کو معاشرے کے مفید شہری بنانا ہمارا فرض بنتا ہے،یہ ہمارا معذور افرادپر احسان نہیں بلکہ ہمارا فرض بنتا ہے۔