افغان حکومت کا ملک کے نصف سے کچھ ہی زیادہ اضلاع پر کنٹرول ہے،امریکی رپورٹ

بدھ 2 مئی 2018 11:00

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 2 مئی 2018ء) افغانستان کی تعمیر نو کا جائزہ لینے والے امریکی ادارے سیگارنے کہا ہے کہ امریکی حمایت والی افغان حکومت کا اب بھی ملک کے صرف نصف اضلاع پر کنٹرول ہے حالانکہ امریکی فوج نے ملک میں اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق افغانستان کی تعمیر نو سے متعلق خصوصی انسپیکٹر جنرل (ایس آئی جی اے آر) کی جانب سے جاری کردہ سہ ماہی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں افغان فوج کی نفری میں بھی خاصی کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق، 31 جنوری 2018ء کی صورت حال یہ تھی کہ سرکش عناصر افغانستان کے 14.5 فیصد اضلاع پر یا تو کنٹرول کرتے ہیں یا پھر اٴْن پر ان کا اثر و رسوخ ہے جب کہ افغان حکومت کے پاس 56.3 فیصد اضلاع کا کنٹرول ہے اور باقی علاقے متنازع ہیں۔اعلیٰ امریکی فوجی اہلکاروں نے بارہا تسلیم کیا ہے کہ تقریباً 17 برس پرانا تنازع تعطل کا شکار ہے، اگست میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی حکمت عملی کے اعلان کے تحت کچھ کامیابیاں ضرور حاصل ہوئی ہیں۔ٹرمپ کی حکمت عملی سے بظاہر امریکا کی جانب سے افغانستان میں غیر معینہ مدت تک رہنے کا عزم ظاہر ہوتا ہے۔