دو روزہ جوڈیشل کانفرنس کا شیڈل جاری‘ کانفرنس کا افتتاح چیف جسٹس میاں ثاقب نثار پانچ مئی کو کریں گے

بدھ 2 مئی 2018 23:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 2 مئی 2018ء) سپریم کورٹ میں جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی کے زیر اہتمام دو روزہ جوڈیشل کانفرنس کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ بدھ کوسپریم کورٹ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق کانفرنس کا افتتاح چیف جسٹس میاں ثاقب نثار پانچ مئی کو کریں گے۔ جوڈیشل کانفرنس کے حوالے سے دوسرے روز پانچ گروپ تشکیل دے دیئے گئے۔

شیڈول کے مطابق گروپ ون جوعلاقائی معاشی روابط اور تنازعات کے حل کا موثر طریقہ کے حوالے سے ہوگا کی سربراہی جسٹس گلزار کریں گے، جبکہ جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منصور علی شاہ کو چیئر ہوں گے۔پہلے گروپ کے پین لسٹ میںبلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی اور پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہونگے۔

(جاری ہے)

گروپ ٹو تنازعات کے حل کے متبادل نظام کے حوالے سے ہوگا۔

جس کو جسٹس عظمت سعید چیئر کریں گے ان کے ساتھ جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس مظہر عالم ہونگے۔تیسرا گروپ مقدمات میں تاخیر اورزیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کرے گا۔ جسے جسٹس آصف سعید کھوسہ چیئر کریں گے ان کے ہمرا جسٹس سردار طارق مسعود ہونگے۔گروپ تین کے پین لسٹ میں چیف جسٹس اے جے کے ہائی کورٹ ایم تبسم آفتاب ہونگے۔

گروپ چار قانون کی تعلیم اور پاکستان بھر میں جوڈیشل افسران کے انتخاب کے معیار پر ہوگا۔ جس کی سربراہی جسٹس مقبول باقر کریں گے ان کے ہمراہ جسٹس منصور علی شاہ ہونگے۔گروپ چار کے پین لسٹ میں چیف جسٹس گلگت بلتستان جسٹس شکیل احمد ہونگے۔گروپ پانچ معاشی اور سیاسی استحکام کے لئے فوجداری نظام میں ازسر نوبہتری کے حوالے سے ہوگا۔ جس کی سربراہی جسٹس قاضی فائز عیسی کریں گے ، ان کے ہمراہ جسٹس منظور احمد ملک ہونگے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس یاور علی پین لسٹ میں ہونگے۔