مجھ پرایک روپے کی کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ کر پھانسی پرلٹک جائونگا،اسفندیارولی

جمعہ 4 مئی 2018 23:39

چارسدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 4 مئی 2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ وہ حلفاًکہتے ہیں کہ کسی نے ان کے خلاف یا خاندان کے کسی فرد کے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت کی تو سیاست چھوڑ کرپھانسی کیلئے تیار ہوں ، وزیر اعلی پرو یز خٹک ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے بنی گالہ سے استعمال ہو رہے ہیں ، پرویز خٹک اے این پی دور حکومت پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں مگر وہ بھول گئے کہ موصوف خود اے این پی حکومت میں پونے پانچ سال تک وزیر رہے، صوبائی حکومت بھر پور کوشش کے باوجود اے این پی کے کسی رہنماء اور رکن پارلیمنٹ پر ایک دھیلے کا کرپشن ثابت نہ کر سکی۔

وہ ولی باغ چارسدہ میں قومی وطن پارٹی یونین کونسل درگئی کے ڈسٹرکٹ ممبر سجاد علی خٹک کے خاندان سمیت اے این پی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے این پی کے ضلعی صدر بیرسٹر ارشد عبد اللہ ، تپہ درگئی کے صدر مراد علی خان ایڈوکیٹ ، جنرل سیکرٹری رفیق خٹک ، ضلعی کابینہ کے عہدیدار فاروق خان ، ناصر خان اور ضلعی ترجمان تحسین عبد اللہ بھی موجود تھے ۔

اسفندیار ولی خان نے کہاکہ عمران خان کے طرز سیاست نے ناچ گانے اور گالی گلوچ کو پروان چڑھایا ہے ، پہلے سیاست دان پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سیاسی جماعتوں اور حکومتوں پر مثبت تنقید کرتے تھے اور گالی گلوچ کا تصور تک نہ تھا مگر آج عمران خان نے سیاسی اقدار ختم کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اے این پی دور حکومت کے منصوبوں پر لوگ سیاست چمکا نے سے گریز کریں اے این پی نے 70سالہ محرومیوں کا ازالہ کیا اور پورے صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ۔ انہوںنے کہاکہ یونین کونسل درگئی اور دوسہرہ کیلئے انہوںنے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے فنڈ منظور کرایا تھا اور انشاء اللہ دوسہرہ یونین کونسل کی طرح درگئی یونین کونسل کے عوام بھی بہت جلد سوئی گیس کی نعمت سے مستفید ہونگے ۔