سعودی عرب نے بعض ممالک کے لیے ویزہ فیس میں رعایت دے دی

جمعہ 4 مئی 2018 14:36

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 4 مئی 2018ء) سعودی عرب نے بعض ممالک کے لیے فیملی ویزہ فیس میں کمی کا اعلان کر دیا ۔ مزید تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے بعض یورپی اور عرب ممالک کے لیے فیملی ویزٹ ویزہ فیس 2000 ریال سے کم کرکے 305 ریال کر دی گئی ہے ۔ تاہم پاکستانیوں کے لیے ویزٹ ویزہ فیس میں کمی کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں ۔

یاد رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب نے غیر ملکیوں کے لیے فیملی ویزٹ ویزہ فیس میں اضافے کا اعلان کیا تھا اور یہ اعلان تمام ممالک کے لی یکساں تھا ۔ لیکن یکم مئی سے بعض ممالک کے لیے فیملی ویزٹ ویزہ فیس میں کمی کا اعلان کردیا گیا ہے جو کہ ہندوستان ، یورپی اور بعض عرب ممالک کے لیے کیا گیا ہے ۔ سعودی حکومت کے اس فیصلے کی تفصیلات سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں جس پر دنیا بھر سے پاکستانیوں نے احتجاج کیا اور سعودی حکومت کے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

سعودی عرب میں رہائش پذیر ایک پاکستانی نے سعودی حکومت کے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ سعودی حکومت جوایک طرف پاکستان کو اپنا دوست ملک مانتی ہے اُسکے لیے ویزہ فیس میں تفریق ایک کامیاب اور ناکام خارجہ پالیسی کی واضح مثال ہے ۔  دوسری طرف سعودی حکومت نے رواں ہفتے میں ہی 150 پاکستانیوں کو ریاست سے بے دخل کرکے پاکستان بھیج دیا ہے ۔

ان پاکستانیوں نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کہ اُنکے کیسز گزشتہ دس سال سے سعودی عرب میں چل رہے تھے ۔ لیکن سعودی حکومت نے انصاف کرنے کی بجائے بغیر کسی ٹھوس وجہ کے انہیں بے دخل کر دیا ہے اور جب وہ پاکستان پہنچے تو اُنکے سامان سے اُنکے موبائل فون بھی غائب تھے ۔