امریکی طیارے ہوشیار باش، چین لیزر حملہ کر سکتا ہے ،جبوتی میں چینی اڈے کے قریب سے گذرتے ہوئے احتیاط برتیں

جمعہ 4 مئی 2018 18:14

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 4 مئی 2018ء)امریکہ نے اپنے فضائی اہلکاروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جبوتی میں چینی اڈے کے قریب سے گذرتے ہوئے احتیاط برتیں،چین کبھی بھی لیزر حملہ کر سکتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے اپنے پائلٹوں اور دیگر فضائی اہلکاروں کو خبردار کیا جارہا ہے کہ افریقی ملک جبوتی میں قائم کئے گئے چین کے پہلے فوجی اڈے کے قریب سے گزرتے ہوئے ہوشیار رہیں کیونکہ ان پر لیزر حملہ ہو سکتا ہے۔

امریکی فوج کے اس انتباہ کو بعدازاں امریکی ہوا بازی کے ادارے کی ویب سائٹ پر بھی جاری کیا گیا۔اس انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ہائی پاور لیزر کے کئی حملے جبوتی میں قائم چین کے فوجی اڈے سے محض 2400 فٹ کے فاصلے پر ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جبوتی میں امریکہ کا فوجی اڈہ پہلے سے قائم ہے اور چین نے اس کے قریب ہی اپنا فوجی اڈہ قائم کرلیا ہے۔ امریکی فوجی اڈے کیمپ لیمونیر سے چین کے فوجی اڈے کا فاصلہ محض چند میل ہے۔

امریکہ اس جگہ قائم کئے گئے اپنے فوجی اڈے کو انسداد دہشتگردی کا مرکز قرار دیتا ہے جس کا قیام 11 ستمبر کے دہشتگردی کے حملے کے بعد عمل میں لایا گیا تھا۔ چین نے یہاں اپنا فوجی اڈہ 2016 میں قائم کیا تھا جس کا کہنا ہے کہ یہ اڈہ انسانی فلاح و امن کی بحالی کے لئے فرائض سرانجام دینے والے بحری جہازوں کی لاجسٹک اور ترسیل رسد کے لئے قائم کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :