سوئیڈش اکیڈمی کا 75سال بعد ادب کا نوبل انعام نہ دینے کا فیصلہ

جمعہ 4 مئی 2018 21:51

سٹاک ہوم(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 4 مئی 2018ء)اس سال ادب کا نوبیل انعام نہیں دیا جائیگا۔انعام دینے کا فیصلہ کرنے والی سوئیڈش اکیڈمی نے نوبیل لٹریچر پرائز کے التواء کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال کا ادبی انعام اگلے سال 2019 میں دیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اکیڈمی کو اس وقت اپنے کچھ اراکین کے حوالے سے جنسی زیادتیوں اور مالی کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے ۔

جس کے پیشِ نظر گزشتہ روز اسٹاک ہوم میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سال ادب کا نوبیل انعام اگلے سال تک کے لیے ملتوی کر دیا جائے۔ 1943ء کے زمانہء جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ نوبیل انعام ملتوی کیا گیا ہے۔اکیڈمی کے مستقل سیکرٹری اینڈرز اولسن کے مطابق انہیں اگلے انعام یافتگان کا اعلان کرنے سے قبل عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نوبیل انعام دینے والی کمیٹی میں جنسی اسکینڈل سامنے آنے اور خواتین کو ہراساں اور زیادتی کا نشانہ بنانے والے بااثر ترین شخص کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے بعدگزشتہ دنوں نوبل کمیٹی کے 3 ججز نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیاتھا۔ نوبل کمیٹی کے جن ججز نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیا ہے ان کا تعلق ادب کمیٹی سے ہے جبکہ جس رکن کے خلاف خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام سامنے آیا ہے اس کا تعلق بھی اسی کمیٹی سے ہی ہے۔

متعلقہ عنوان :