پاکستان میں اب گالم گلوچ اور الزامات لگانے والوں کا ’’چورن‘‘ نہیں بکنے والا،وزیراعظم

ملک میں صرف شرافت کی سیاست چلے گی،ہمارے مخالفین پاکستان کی نہیں کسی اور کی سیاست کررہے ہیں عوامی خدمت کیلئے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ، فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ وہ جمہوریت چاہتے ہیں یا کچھ اور ملک میں سو فیصد مسائل حل ہو چکے ،عوام جانتے ہیں کہ کام کرنیوالی جماعت صرف (ن)لیگ ہے، عباسی شاہد خاقان عباسی کا کہوٹہ کے قریب کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ، منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا

جمعہ 4 مئی 2018 23:52

اسلام آباد،کہوٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 4 مئی 2018ء)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں گالم گلوچ اور الزامات کا چورن نہیں بکنے والا ، اب صرف شرافت کی سیاست چلے گی ، ہمارے مخالفین پاکستان کی نہیں کسی اور کی سیاست کررہے ہیں ،عوام کی خدمت کیلئے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے یہ فیصلہ اب عوام کو کرنا ہے کہ وہ جمہوریت چاہتے ہیں یا کوئی اور نظام ، ہمارا جس سے مقابلہ ہے وہ کسی اور کی سیاست کرتے ہیں ،عوام جانتے ہیں کہ ملک میں کام کرنیوالی جماعت صرف مسلم لیگ (ن) ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کہوٹہ کے علاقے کانڑھ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں گالم گلوچ اور الزامات کا چورن نہیں بکنے والا کیونکہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ اچھے برے کو اچھی طرح پہنچاننے کی صلاحیت رکھتے ہیں ملک میں صرف اورصرف شرافت کی سیاست چلے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوریت کی حامی ہے اور ووٹ کے تقدس کی بحالی کیلئے کام کررہی ہے کیونکہ عوام کی خدمت کیلئے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ملک میں بے پناہ ترقیاتی کام کیے جس کی ماضی کے دور حکومتوں میں مثال نہیں ملتی تاہم آئندہ الیکشن میں فیصلہ عوام کریں گے کہ مسائل جمہوریت سے حل کرنے ہیں یا نہیں اور کیا عوام جمہوریت چاہتے ہیں یا کوئی اور نظام کو پسند کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے ان میں تاخیر کا کوئی امکان نہیں اور ہمیں امید ہے عوام ہماری کارکردگی اور ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملکی معیشت کو مضبوط کیا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ، ملک سے بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کا کافی حد تک خاتمہ کیا اور ہزاروں میگاواٹ بجلی قومی سسٹم میں شامل کی۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے سی پیک ملک و قوم کو سی پیک جیسا عظیم منصوبہ دیا ہے ۔جو بھی منصوبے عوام دیکھیں گے ان پر مسلم لیگ ن کی مہر ہوگی ،ہر شخص محسوس کرتا ہے کہ خدمت کرنیوالی جماعت صرف ن لیگ ہے ،ہم نے کبھی ترقیاتی کاموں کو پس پردہ نہیں رکھا۔

انہوں نے کہاکہ کہوٹہ شہید اورغازیوں کی سرزمین ہے اور یہاں کے نوجوان بہادری اور شجاعت کی مثال ہیں ۔وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ملک میں سو فیصد مسائل حل ہو چکے ہیں اور عوام یہ اچھی طرح جانتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ الیکشن میں فیصلہ صرف عوام کا مانا جاتا ہے ،آج ہر شخص محسوس کرتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو آگے آنا چاہیے اور ہمیںامید ہے 2018کا الیکشن (ن) لیگ کے لئے 2013سے بہتر ثابت ہو گا ۔

قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جمعہ کو کہوٹہ کے قریب کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کروٹ پن بجلی منصوبے سے 720 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی، یہ منصوبہ دریائے جہلم پر پانی کے بہائو کی سمت تعمیر کیا جا رہا ہے جو ایسے پانچ منصوبوں میں سے ایک ہے۔

یہ منصوبہ کروٹ پاور کمپنی اور چین کی تھری گارجیز کارپوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ تعمیر کر رہی ہیں۔ کروٹ پن بجلی منصوبہ سی پیک کا ترجیحی حصہ ہے۔ منصوبے پر بننے والا ڈیم ساڑھے 95 میٹر بلند اور 27 کلومیٹر طویل ہو گی، ڈیم میں 152 ملین کیوبک میٹر پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہو گی۔ اس منصوبے سے مقامی آبادی کے لئے بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔