چین،امریکہ تجارتی تنازع سے امریکی زرعی شعبہ متاثر ہو گا، امریکی میڈیا

امریکہ میں چار لاکھ پچپن ہزار ملازمتیں ختم اور49.2 ارب امریکی ڈالر کا نقصان ہو گا،امریکی زرعی اخبار کی رپورٹ

جمعہ 4 مئی 2018 18:06

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 4 مئی 2018ء) امریکی زرعی اخبار نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی تنازع سے امریکی زرعی شعبہ متاثر ہو گا، امریکہ میں چار لاکھ پچپن ہزار ملازمتیں ختم ہونگی اور انچاس اشاریہ دو ارب امریکی ڈالر کا نقصان ہو گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق امریکی مغربی ریاست واشنگٹن کے ایک زرعی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی تنازع سے امریکی زرعی شعبہ شدید متاثر ہو گا ۔

اس میں امریکہ کے کسانوں کو زرعی کا شت میں پندرہ فیصد نقصان ہو گا اورتقریبا ایک لاکھ اکیاسی ہزار ملازمین متاثر ہو نگے ۔ اگر ٹرمپ انتظامیہ چین کے ساتھ جیسا کرو گے ویسا بھرو گے پرتجارتی کشمکش کو کم نہیں کرتی تو پہلے دو سالوں میں سالانہ بنیادوں پر امریکہ میں چار لاکھ پچپن ہزار ملازمتیں ختم ہونگی اور انچاس اشاریہ دو ارب امریکی ڈالر کا نقصان ہو گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اوریگن کے ہفت روز کیپیٹل پریس نے تجارتی شراکت داری کی انٹر نیشنل ٹریڈ اینڈ اکنامک کنسلٹنٹ فرم کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک مکمل تجارتی جنگ سے امریکہ کی سالانہ مجموعی پیداوار میں دو اشاریہ نو ارب ڈالرکی کمی آئے گی اور ایک لاکھ چونتیس ہزار ملازمتیں متاثر ہونگی۔ان ملازمتوں میں سے نصف تقریبا سڑسٹھ ہزار دو سو اڑتالیس ملازمتیں زرعی شعبے سے وابستہ ہیں اور زرعی آمدنی میں بھی سالانہ چھہ اشاریہ سات فیصد کمی آئے گی۔