خلائی مخلوق نواز شریف کے ساتھ تھی تووہ خوش تھے، اب خلاف ہو گئی تو شور مچا رہے ہیں، سینیٹر شبلی فراز

ملکی تاریخ میں پہلی بار فوج غیر جانبدار نظر آرہی ہے جو کہ خوش آئند ہے، پی ٹی آئی کسی جماعت کے ساتھ انتخابات میں اتحاد نہیں کرے گی، عمران خان پر بنائے گئے تمام سیاسی مقدمات ایک ایک کر کے ختم ہو رہے ہیں، نگران وزیر اعظم غیر متنازع ہو اور اس میں اتنی ہمت ہو کہ آئندہ الیکشن شفاف انداز میں کرا سکے پی ٹی آئی رہنما کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 4 مئی 2018 18:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 4 مئی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ خلائی مخلوق جب نواز شریف کے ساتھ تھی تووہ خوش تھے، اب ان کے خلاف ہو گئی ہے تو شور مچا رہے ہیں، ملک کی تاریخ میں پہلی بار فوج غیر جانبدار نظر آرہی ہے جو کہ خوش آئند ہے، پاکستان تحریک انصاف کسی جماعت کے ساتھ انتخابات میں اتحاد نہیں کرے گی، عمران خان پر بنائے گئے تمام سیاسی مقدمات ایک ایک کر کے ختم ہو رہے ہیں، نگران وزیر اعظم غیر متنازع ہو اور اس میں اتنی ہمت ہو کہ آئندہ الیکشن شفاف انداز میں کرا سکے۔

وہ جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خلائی مخلوق پہلے جب نواز شریف کے ساتھ تھی تو نواز شریف خوش تھے، اب ان کے خلاف ہو گئی ہے تو شور مچا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ملک کی تاریخ میں پہلی بار فوج غیر جانبدار نظر آرہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ بیساکھیوں کے ذریعے الیکشن جیتے ہیں۔ عوام اب باشعور ہو چکی ہے اور انہوں نے کرپٹ ٹولے کو ووٹ نہ ڈالے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

آرمی چیف باجوہ صاحب پروفیشنل انسان ہیں اور ہمیں یقین ہے اس بار فوج غیر جانبدار الیکشن کرائے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کسی جماعت کے ساتھ انتخابات میں اتحاد نہیں کرے گی، اور الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔ زرداری اور نواز شریف نے عوام کو اتنی دہائیوں سے مشکلات اور تکلیفیں ہی دی ہیں۔ اب سیاسی مقدمات میں سزا دینے کا وقت ختم ہو گیا ہے اور عمران خان پر بنائے گئے تمام سیاسی مقدمات ایک ایک کر کے ختم ہو رہے ہیں جو عمران خان کی فتح ہے۔ نگران وزیر اعظم جو بھی ہو اور جس بھی پارٹی سے ہو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے کہ نگران وزیر اعظم غیر متنازع ہو اور اس میں اتنی ہمت ہو کہ آئندہ الیکشن شفاف انداز میں کرا سکے