تحریک انصاف کا 11 مئی کو وزیرستان اور 12 کو کراچی میں جلسے کا اعلان

نائن الیون کے بعد قبائلیوں پر کسی نے توجہ نہیں دی، پی ٹی آئی قبائلی عوام کو انکے حقوق دلانا چاہتی ہے،فواد چوہدری

جمعہ 4 مئی 2018 23:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 4 مئی 2018ء)مینار پاکستان پر کامیاب ترین جلسے کے بعد تحریک انصاف 11 مئی کو وزیرستان اور 12 مئی کو کراچی میں بڑے جلسے کرے گی۔ یہ بات تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے جمعہ کی شام بنی گالہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف قبائلیوں کے درد کو محسوس کرتی ہے۔

نائن الیون کے بعد قبائلیوں پر کسی نے توجہ نہیں دی۔ ہم قبائلی عوام کو ان کے حقوق دلانا چاہتے ہیں۔ فاٹا سے متعلق مذاکرات درست سمت میں جارہے ہیں۔ ہمارے مو قف کو اعلی سطح پر تسلیم کیا گیاہے۔تحریک انصاف کے موقف پر سب اکٹھے ہوتے تو فاٹا اب تک ضم ہوچکا ہوتا۔نون لیگ نے فاٹاکے معاملات سے کھلواڑ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری نثار اور شہباز شریف کا ایک گروپ ہے۔

شاہد خاقان عباسی اپنے گیم میں مشغول ہیں۔بہت جلد یہ سب لوگ جیل میں ہوں گے۔نون لیگ ایسی باتیں کرتی ہے جیسے اپوزیشن میں ہو اور ہم حکومت میں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میاں صاحب ہی ایون فیلڈ جائیداد کے مالک ہیں۔ وہ پوری عمر کے لئے نااہل ہوچکے۔ اب کسی سے آپ کا مقابلہ نہیں۔نون لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ ان کے لوگ تحریک انصاف میں شامل ہونا چاہتے ہیں، کچھ لوگوں سے ہمیں معذرت بھی کرنا پڑتی ہے۔

فوادچوہدری نے کہا کہ کہ اندرون سندھ سے پیپلزپارٹی کی حکومت ختم ہونے پر ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی۔ اندرون سندھ میں جبر کی کیفیت ہے، لوگوں پر جعلی ایف آئی آر کردی جاتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی نے انتخابی امیدواروں سے درخواست لینے کی تاریخ میں 13 مئی تک توسیع کردی، پی ٹی آئی کا الیکشن مینجمنٹ سیل درخواستیں وصول کرے گا۔