کسی کو مدارس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے،مولانا فضل الرحمن

وفاق المدارس ہمارا مشترکہ اثاثہ اور سرمایہ ہے، علما ئے کرام اسے مضبوط سے مضبوط تر بنانے میں کردار ادا کریں،وفاق المدارس کی اجتماعیت اور جمعیت کی سیاسی قوت نے دین دشمنوں کو ناکام ونامراد کیا آئندہ بھی باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا،بھاری بھرکم بجٹ پر چلنے والے سرکاری ادارے وفاق المدارس کے نظام امتحانات کی تقلید کریں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جامعہ خیر المدارس ملتان کے دورہ پر گفتگو

ہفتہ مئی 21:01

اسلام آباد/ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مئی ء)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے دفاع اور بقا کی جنگ اس سے پہلے بھی لڑی اور آئندہ بھی کسی کو مدارس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے،وفاق المدارس ہمارا مشترکہ اثاثہ اور سرمایہ ہے، علما ئے کرام اسے مضبوط سے مضبوط تر بنانے میں کردار ادا کریں،وفاق المدارس کی اجتماعیت اور جمعیت کی سیاسی قوت نے دین دشمنوں کو ناکام ونامراد کیا آئندہ بھی باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا،بھاری بھرکم بجٹ پر چلنے والے سرکاری ادارے وفاق المدارس کے نظام امتحانات کی تقلید کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ خیر المدارس ملتان کا دورہ کے موقع پر کیا -اس موقع پر انہوں نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سالانہ امتحانات کی مارکنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا-جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے مولانا فضل الرحمن کو وفاق المدارس کے نظام امتحانات،پرچوں کی چیکنگ اور نتیجے کی تیاری کے جملہ مراحل کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ کس اہتمام،حسن انتظام،جانفشانی اور رازداری سے امتحانات کے انعقاد سے لے کر نتائج کے اعلان تک کے مراحل سرانجام دئیے جاتے ہیں-مولانا فضل الرحمن نے وفاق المدارس کے نظام امتحان، پرچوں کی چیکنگ اورنتائج کی تیاری کے عمل کو ماڈل سسٹم قرار دیا اور کہا کہ بھاری بھرکم بجٹ پر چلنے والے سرکاری اداروں کو وفاق المدارس کے نظام کی تقلید کرنی چاہیی-اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے ملک بھر سے پرچوں کی چیکنگ کے لیے تشریف لائے ہوئے علمائے کرام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا اور وفاق المدارس کے قائدین کی خدمات کو خوب سراہا-مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وطن عزیز میں وفاق المدارس کی اجتماعیت،دینی وتعلیمی خدمات اور جمعیت علمائے اسلام کی سیاسی قوت کی بدولت دین دشمن قوتوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے اور آئندہ بھی باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دشمن کے اسلام اور پاکستان کے خلاف منفی عزائم کو خاک میں ملائیں گی- انہوں نے کہا کسی کو دینی مدارس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہوگی-مولانا فضل الرحمن نے وفاق المدارس کو مشترکہ اثاثہ اور سرمایہ قرار دیا اور علمائے کرام کو اسے مزید مضبوط اور مثالی بنانے کی تلقین کی-مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دینی مدارس کے دفاع اور بقا کی جنگ اس سے پہلے بھی پوری جرات اور پامردی سے لڑی اور آئندہ بھی اس محاذ پر کوئی کمزوری نہیں دکھائیں گی-اس موقع پر مولانا محمد حنیف جالندھری نے خیر المدارس آمد پر مولانا فضل الرحمن کا خیر مقدم کیا اور دینی مدارس کی حریت و آزادی کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا

Your Thoughts and Comments