پیپلزپارٹی کا12 مئی کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں جلسے کرنے کا فیصلہ

متحدہ نے لسانیت کی باتیں کرکے کراچی کے لوگوں کو ورغلایا تھا مگر اب کراچی والے ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 5 مئی 2018 23:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 5 مئی 2018ء)پاکستان پیپلزپارٹی نے 12 مئی کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیاہے، جلسے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگرقائدین خطاب کریں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ کراچی والوں نے متحدہ کو مسترد کردیا، 22 اگست سے پہلے والے دور کو واپس آنے نہیں دینگے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں سیاست کی اجازت سب کو ہے، عوام نفرت پھیلانے والوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ کراچی کے لوگ پاکستان پیپلز پارٹی کو ہی ووٹ دینگے۔ ایم کیو ایم والے ادھر ادھر سے ملکر جلسہ کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو نے جلسہ کر کے انہیں پریشان کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ متحدہ نے لسانیت کی باتیں کرکے کراچی کے لوگوں کو ورغلایا تھا۔ مگر اب کراچی والے ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔