برطانیہ، شاہی شادیوں میں پیش کیک کے ٹکڑے نیلامی کیلئے پیش

نیلامی آئندہ ماہ 23 جون کو لاس ویگاس کے کیسینو میں ہوگی،کیک سلائسز کی نیلامی 600 سے 800 ڈالر کے درمیان ہوگی

ہفتہ 5 مئی 2018 20:55

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 5 مئی 2018ء)برطانوی شاہی شادیوں میں پیش کیے گئے کیک کے ٹکڑوں کو نیلام کیا جائے گا،کیک کے ٹکڑوں کی نیلامی آئندہ ماہ 23 جون کو لاس ویگاس میں پلینٹ ہولی وڈ ریزورٹ اینڈ کیسینو میں ہوگی،کیک سلائسز کی نیلامی 600 سے 800 ڈالر کے درمیان ہوگی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی منگیتر و امریکی اداکارہ میگھن مارکل 19 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، جس کا ہر کسی کو بے صبری سے انتظار ہے۔

شاہی خاندان کی جانب سے شادی کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ ماضی میں شاہی خاندانوں کی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں نے تقریب میں پیش کیے گئے کیک کے ٹکڑے نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ وہ کیک سلائسز ہیں جنہیں لوگوں نے شاہی خاندان کی نشانی کے طور پر سنبھال رکھا ہے اور اب وہ یہ یادگار کیک کے ٹکڑے نیلامی میں پیش کرنا چاہتے ہیں، لیکن یاد رہے کہ یہ کیک کھانے کے قابل نہیں ہوں گے۔

ان کیک کے ٹکڑوں کی نیلامی آئندہ ماہ 23 جون کو لاس ویگاس میں پلینٹ ہولی وڈ ریزورٹ اینڈ کیسینو میں ہوگی، جہاں 1981 میں شہزادے چارلس اور شہزادی ڈیانا کی شادی سے لے کر 2005 میں شہزادے چارلس کی کمیلا پارکر سے ہونے والی دوسری شادی میں تقسیم ہونے والے کیک کے ٹکڑوں کی بولی لگائی جائے گی۔اس کے علاوہ 2011 میں شہزادے ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی میں تقسیم کیے گئے فروٹ کیک کا ٹکڑا بھی اس نیلامی میں رکھا جائے گا۔

ان کیک سلائسز کی نیلامی 600 سے 800 ڈالر کے درمیان ہوگی۔واضح رہے کہ اس میں شہزادے ہیری اور میگھن کی شادی کا کیک شامل نہیں ہوگا جب کہ ممکن ہے کہ مستقبل میں ان کی شادی کا کیک بھی نیلامی کے لیے رکھا جائے۔شہزادے ہیری اور میگھن نے اپنی شادی کے لیے ’لیمن ایلڈر فلاور کیک‘ کا آرڈر لندن کی وائلٹ بیکری شیف کلیری پٹیک کو دیا ہے، جسے شادی کے روز شرکائ میں بانٹا جائے گا۔رواں ماہ 19 مئی کو برطانوی شہزادے ہیری اپنی منگیتر میگھن سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔شادی شاہی محل میں ہوگی جس میں 600 افراد مدعو کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :