مقتولہ عاصمہ یعقوب مسیح کے ورثاء کو 5لاکھ کا امدادی چیک دے دیا گیا

اتوار 6 مئی 2018 22:10

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 6 مئی 2018ء)صوبائی وزیر بلدیات و وکمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ ،صوبائی و زیر برا ئے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید، اراکین صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام ، ذوالفقار غوری اور میئر میونسپل کارپویشن سیالکوٹ توحید اختر چودھری نے مقتولہ عاصمہ یعقوب مسیح کے گھر جاکر مرحومہ کے ورثاء سے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے اظہار تعزیت کیا اور پانچ لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا۔

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دور اقتدار میں اقلیتوں کیلئے بے شمار اقدامات کئے گئے ہیں اور ہر سطح پر خواتین کے ساتھ بچوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تیزاب گردی کی شکار عاصمہ یعقوب اپنی قیمتی زندگی کی بازی ہار گئی ہے تاہم اسکو واپس تو نہیں لا سکتے مگر حکومت پنجاب اور محکمہ انسانی حقوق کے پلیٹ فارم سے متاثرہ خاندان کی داد رسی کیلئے تمام تر اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔

تفصیل کے مطابق عاصمہ یعقوب نامی لڑکی جو 17اپریل کو تیزاب گردی کا نشانہ بنی اور بالآخر 22اپریل کو اپنی زندگی کی بازی ہار گئی تھی۔ بعد ازاں عاصمہ کے والد یعقوب مسیح نے پنجاب حکومت سے انصاف اور مدد کی اپیل کی تھی ،جس پر صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور خلیل طاہر سندھو فوری ایکشن لیتے ہوئے 24اپریل کو سیالکوٹ پہنچے اور محکمہ انسانی حقوق کے پلیٹ فارم سے متاثرہ خاندان کو قانونی معاونت کیلئے مفت قانونی ٹیم کی فراہم یقینی بنائی، ملزم کی گرفتاری کے بعد چالان ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جا چکا ہے تاہم آج صوبائی وزراء نے متاثرہ خاندان کو حکومت پنجاب کی جانب سے پانچ لاکھ روپے کا امدادی چیک بھی پیش کردیا ہے۔

یعقوب مسیح نے صوبائی وزیر کا بروقت ایکشن اور قانونی ٹیم کی فراہمی پر ان کے کردار کو بے حد سراہا اور پنجاب حکومت بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے امدادی چیک پیش کئے جانے پر شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاجہاں پر شہریوں نے انہیں مسائل سے آگاہ کیا جن کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔