مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت جاری ، مزید 10افراد شہید،متعدد زخمی

بھارتی فوج نے بڈگام میں سرچ آپریشن کے دوران5افراد کو فائرنگ کرکے شہید کیا، قابض فوج کی بربریت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر بھی فائرنگ،مزید 5نوجوان شہید ، متعدد زخمی

اتوار مئی 20:30

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مئی ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 10 کشمیریوں کو شہید کردیا جس کے بعد گزشتہ 36گھنٹوں کے دوران شہید افراد کی تعداد 14 ہوگئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے باڈیگام میں سرچ آپریشن کے دوران 5 افراد کو فائرنگ کرکے شہید کردیا، قابض فوج کی بربریت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں مزید 5 نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

شہید ہونے والے افراد میں پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق بٹ، صدام احمد پدر، بلال احمد مہند، عادل ملک اور توصیف احمد شیخ شامل ہیں۔پانچ افراد کی شہادت کے بعد علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا جس پر مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

(جاری ہے)

بھارتی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے فائرنگ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی بھی ہوئے۔

احتجاج کے دوران قابض فوج کی گولیوں کا نشانہ بننے کے بعد شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت آصف احمد میر، عادل احمد شیخ، سجاد احمد راتھر، ناصر احمد کمار اور زبیر احمد نگرو کے ناموں سے ہوئی۔قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر کو بھی تباہ کردیا۔اس سے قبل بھارتی فورسز کی جانب سے بڑھتے مظالم اور گزشتہ روز 4 نوجوانوں کو شہید کرنے کے خلاف حریت رہنما سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی تھی۔شٹر ڈان ہڑتال کے باعث سری نگر سمیت مختلف شہروں میں بازار مکمل طور پر بند ہیں اور ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔

Your Thoughts and Comments