انتخابات سے ایک ماہ قبل عمران خان کو عوامی مسائل یاد آگئے‘ عمران خان نے جو جلسے میں 11نکات دیئے‘ 5 سالوں میں کے پی کے میں ایک پر بھی عمل نہیں کیا‘ بلاول بھٹو

اتوار 6 مئی 2018 21:10

لاہور۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 6 مئی 2018ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات سے ایک ماہ قبل عمران خان کو عوامی مسائل یاد آگئے‘عمران خان نے جو جلسے میں 11نکات دیئے‘ 5 سالوں میں کے پی کے میں ایک پر بھی عمل نہیں کیا۔وہ اتوار کے روز ٹھوکر نیاز بیگ پر ممبر سازی مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دیگر پارٹی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا‘ بلاول بھٹو رزرداری نے کہا کہ پارٹی کارکن میری طاقت اور بازو ہیں‘ وہ پارٹی کا یہ پیغام گھر گھر پہنچائیں کہ پی پی پی ایشوز کی سیاست کرتی ہے‘ عوامی مسائل مظلوم طبقات کی بات کرتی ہے‘ دوسری طرف وہ لوگ بھی ہیں جنہیں عوام سے کوئی غرض ہے نہ ان کے مسائل سے کوئی دلچسپی ہے اور ان کا مسئلہ صرف اقتدار ہے‘ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے ایک ماہ قبل عمران کو یاد آگیا ہے کہ کرپشن کے علاوہ کوئی اور بھی ملک میں مسائل ہیں‘ عمران خان سے پوچھا جائے کہ انہوں نے کے پی کے میں ایک بھی سرکاری ہسپتال بنایا جہاں پر غریبوں کا مفت علاج کیا جائے‘ عمران خان نے جلسے میں 11 نکات دیئے جن میں سے گزشتہ پانچ سالوں میں کے پی کے میں ایک پر بھی عمل نہیں ہوا‘ عمران خان بتائیں کے پی کے میں مفت تعلیم فراہم کی‘ مفت علاج کی سہولت عوام کو دی‘ روزگار کی فراہمی اور غربت کے خاتمے کا کوئی پروگرام شروع کیا‘ اقلیتوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کیے‘ صوبے میں کون سا قانون پاس کیا‘ کاشتکار غریب طبقہ ان کے ایجنڈے پر بھی نہیں‘بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی پی نے سندھ میں نئے ہسپتال بنائے جہاں پر ہر پاکستانی کیلئے مفت علاج کی سہولت موجود ہے‘ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ساتھ ساتھ سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں ہسپتال قائم کئے گئے‘ علاوہ ازیں سندھ میں 15 یونیورسٹیز قائم کی گئیں۔